بارہمولہ تصادم میں دو جنگجو ہلاک، فوجی میجر سمیت دو سیکورٹی اہلکار زخمی

سری نگر، شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے یادی پورہ پٹن علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ تصادم کے دوران ایک فوجی میجر سمیت دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان جاری تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی ابھی معلوم نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 29آر آر سے وابستہ زخمی فوجی میجر جس کی شناخت روہت مہرا کے بطور ہوئی ہے، کو 92 بیس ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ تصادم کے دوران زخمی ہونے والے جموں و کشمیر پولیس کے ایس پی او نصیر احمد کو علاج و معالجہ کے لئے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ عام شہریوں کے پھنس جانے کی وجہ سے آپریشن کو کچھ دیر کے لئے روک دیا گیا تھا تاہم شہریوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنے کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا جو ہنوز جاری ہے۔

قبل ازیں جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ملنے پر فوج کی 29 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعے کی صبح پٹن کے یادی پورہ گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا اور تصادم چھڑ گیا جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔

 

Related Articles