برطانیہ معاشی بحران کا شکار، پاؤنڈ کی قدر میں مزید کمی
بینک آف انگلینڈ حکومتی بانڈز خریدے گا
سٹیفورڈ،اکتوبر۔پائونڈ کی قدر میں مزید کمی سے برطانوی مارکیٹ عدم استحکام کا شکار ہوگئی ہے اور اس استحکام کو بحال کرنے کے لئے بینک آف انگلینڈ نے پیش قدمی کرتے ہوئے حکومتی بونڈز کو خریدنے کااعلان کیا ہے۔ حکومتی بونڈز جنہیں گلٹس بھی کہا جاتا ہے، انھیں حکومت کسی ایسی صورتحال میں بیچ سکتی ہے جب حکومت کو پیسے ادھار چاہئے ہوں اور کیونکہ ابھی برطانیہ معاشی بحران سے دوچار ہے اس لئے مزید پیسے ادھار لینے کے لئے بینک آف انگلینڈ یہ بونڈز خریدے گا۔ یہ بونڈز بہت ہی محفوظ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان سے یہ خطرہ نہیں ہوتا کہ ان کے بدلے لی جانے والی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔ یہ بینک آف انگلینڈ کا عارضی پروگرام ہے تاکہ مارکیٹ کے پرانے حالات کو بحال کرنے میں حکومت کی مدد کی جائے، گزشتہ روز بینک آف انگلینڈ کے اس اقدام اور آئی ایم ایف کی برطانوی حکومت پر تنقید کے بعد کہ حکومت کے منی بجٹ جیسے اقدامات جن میں ٹیکس کو کم کئے جانے کی تجاویز دی گئی ہیں، ان سے ملک میں معاشی صورتحال مزید خراب ہوگی ، دوسری طرف پونڈ کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں ایک اعشاریہ چھ فیصد کی مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔