وزیر دفاع راج ناتھ نے اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ دفاعی تعلقات پر بات چیت کی
نئی دہلی، اکتوبر۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے قاہرہ میں مصر کے وزیر دفاع جنرل محمد ذکی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی، جس میں انہوں نے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق ظاہر کیا۔مسٹر راج ناتھ سنگھ مصر کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔مسٹر راج ناتھ سنگھ کو پیر کے روز دو طرفہ بات چیت کے آغاز سے قبل قاہرہ میں وزارت دفاع میں روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ فوجی مشقوں اور تربیت کے لیے فوجی اہلکاروں کے تبادلے میں اضافے پر اتفاق کیا۔وزارت دفاع نے بتایا کہ دونوں وزراء نے ایک مقررہ مدت میں ہندوستان اور مصر کی دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی تجاویز پر غور کرنے سےبھی اتفاق کیا۔ انہوں نے علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دنیا میں امن واستحکام کو برقرار رکھنے میں ہندوستان اور مصر کے تعاون پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کووڈ-19 کی عالمی وبا کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان دفاعی رابطوں کی رفتار گزشتہ برسوں میں تیز رہی ہے۔اس سے قبل وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ جس کے بعد دونوں وزرائے دفاع نے دو طرفہ امور اور دفاع کے شعبے میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں تعاون کے مفاہمت نامہ پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامہ سے مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں دفاعی تعاون کو بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی۔مسٹر راج ناتھ سنگھ نے مصری وزیر دفاع کو ہند-افریقہ دفاعی ڈائیلاگ اور بحر ہند کے ممالک کے وزرائے دفاع کی کانفرنس میں شرکت کے لئے ہندوستان آنے کی دعوت دی۔ یہ پروگرام 18 سے 22 اکتوبر تک گجرات کے گاندھی نگر میں 12ویں دفاعی نمائش ‘ڈیف ایکسپو’ کے دوران منعقد کیے جائیں گے۔مصر کے اپنے دورہ کے دوران وزیر دفاع نے قاہرہ میں فوجی یادگار اور مصر کے سابق صدر انور السادات کے مقبرے پر خراج عقیدت پیش کیا۔