سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی: شیوراج

ہردا،مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ضلع ہردا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
مسٹر چوہان نے گزشتہ روز ضلع کی سیلاب سے متاثرہ تحصیل ہنڈیا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت معلوم کی۔ ہنڈیا میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شدید سیلاب کے بحران میں ریاستی حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ پریشان نہ ہوں، ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں ، مکانات اور سامان کو ہونے والے نقصان کا مکمل جائزہ لیکر جلد راحت پہنچائی جائے گی۔ آر بی سی 6-4 اور فصل انشورنس دونوں کا فائدہ متاثرہ افراد کو ملے گا۔ متاثرہ افراد کی زندگیوں کو دوبارہ پٹری پر لایا جائے گا۔ تمام انتظامات چاک و چوبند ہوں گے۔ کمشنر، آئی جی، کلکٹر سمیت پوری انتظامی ٹیم عوام کی مدد کے لئے تیار رہے گی تاکہ بہتر انتظامات کیے جاسکیں۔
مسٹر چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کورونا بحران کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مکمل انتظامات کو یقینی بنایا اور وسائل مہیا کرائے۔ سیلاب کےاس بحران سے عوام کو جلد باہر نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 28.29 کو شدید بارش کی وجہ سے ایک نازک صورتحال پیدا ہوگئی۔ بارگی، توا، بارنا ڈیموں کے اوور فلو اور مسلسل پانی کے اخراج کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام پریشانی میں ہیں تو وہ گھر پر نہیں بیٹھ سکتے۔ ہمارا پہلا مذہب عوام کی خدمت ہے۔

Related Articles