جو ہوا اچھے کیلئے ہوا ، ماضی میں کیوں جانا ہے؟ آگے بڑھتے ہیں ناں زندگی میں
ممبئی ،ستمبر۔ بھارتی اداکارہ شہناز گل کا کہنا ہے "ایسا کوئی لمحہ نہیں ہے جو میں واپس جینا چاہتی ہوں، جو ہوا اچھے کیلئے ہوا اور اب میں مستقبل میں ہر چیز کیلئے تیار ہوں، ماضی میں کیوں جانا ہے؟ آگے بڑھتے ہیں ناں زندگی میں۔”انڈیا ٹوڈے کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں سلمان خان کے حوالے سے شہناز گل نے کہا کہ انہوں نے سلمان سے ایک چیز سیکھی ہے کہ زندگی میں کچھ بھی ہوجائے آپ کو آگے بڑھنا چاہیے، سلمان نے مجھے کہا ہے کہ اگر میں سخت محنت کروں تو زندگی میں بہت آگے جا سکتی ہوں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب آپ اکیلے رہتے ہیں اور ایک چھوٹے سے شہر سے آتے ہیں، تو آپ آگے بڑھتے ہیں، آپ کو آگے بڑھتے رہنا چاہیے، میں اپنے آس پاس کے لوگوں سے سیکھتی ہوں۔ آپ جس سے بھی ملتے ہیں وہ آپ کو کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ جس کے ساتھ بھی میں نے راستہ طے کیا ہے، اچھا یا برا، اس نے مجھے کچھ سکھایا ہے۔ انہوں نے مجھے حالات سے نمٹنے کا طریقہ سکھایا ہے۔ میں حالات سے نمٹنے کے لیے کافی مضبوط ہوں۔خیال رہے کہ شہناز گل سلمان خان کی فلم "کسی کا بھائی کسی کی جان ” سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔