شْکرگْزار ہوں، بچے کو بڑا ہوتا دیکھ سکتی ہوں: سونالی باندرے
ممبئی،مارچ۔ماضی میں کینسر کو شکست دینے والی بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے نے کہا ہے کہ وہ شْکرگزار ہیں کیونکہ وہ اپنے بیٹے کو بڑا ہوتے دیکھ سکتی ہیں۔میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سونالی باندرے نے کہا کہ ’کینسر کو شکست دینے کے بعد، میں اس بات کے لیے شکرگزار ہوں کہ میں اپنے بچے کو بڑا ہوتا دیکھ سکتی ہوں اور شکر گزار ہوں کہ میں اپنے والدین کے لیے یہاں موجود ہوں۔‘سونالی باندرے نے کہا کہ ’میں اب اس قدر صحتیاب ہوگئی ہوں کہ سیٹ پر بیٹھ کر 12 سے 18 گھنٹے تک کام کر سکتی ہوں۔‘اداکارہ نے اپنے شوہر اور فلمساز گولڈی کے حوالے سے کہا کہ گولڈی ناصرف میرے کام پر واپس آنے کے فیصلے کی حمایت کر رہے ہیں بلکہ وہ جلد از جلد مجھے انڈسٹری میں واپس آنے پر زور دے رہے ہیں۔‘اْنہوں نے کہا کہ میرے شوہر کا کہنا ہے کہ اب تم ٹھیک ہو، تمہارا دماغ بہت تیز ہے تو واپس آجاؤ اور کام شروع کرو۔‘واضح رہے کہ فلم سرفروش سمیت کئی ایوارڈ یافتہ فلموں کی مشہور اداکارہ سونالی باندرے کی زندگی اس وقت تبدیل ہوگئی جب ان میں ہائی گریڈ کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے اس خبر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔بعدازاں وہ علاج کے لیے نیویارک گئیں، اس دوران انہوں نے بڑی ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ 2018 میں وہ صحت یابی کے بعد واپس بھارت آئیں۔