بیٹی کی طلاق پر سمانتھا رتھ کے والد نے طویل خاموشی توڑ دی

ممبئی،ستمبر۔جنوبی بھارت کی تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو کی ان کے سابق شوہر ناگا چیتنیا سے طلاق کے بعد بالآخر ان کے والد نے اپنی طویل خاموشی توڑ دی۔واضح رہے کہ سمانتھا اور چیتنیا کی اکتوبر 2017 میں شادی ہوئی تاہم اکتوبر 2021 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ گو کہ طلاق پر ایسا تاثر پایا گیا کہ یہ دونوں کی مرضی سے ہوئی، لیکن سمانتھا نے اشارتاً کہا تھا کہ طلاق خوش اسلوبی سے نہیں ہوئی۔اب سمانتھا کے والد جوزف پربھو نے سوشل میڈیا سائٹ (فیس بک) پر اس حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان دونوں کے فیصلے کو تسلیم کرنے میں کچھ وقت لگا۔واضح رہے کہ اپنا ردعمل ظاہر کرنے کے لیے سمانتھا کے والد نے پہلے تو دونوں کی شادی کی ایک پرانی تصویر لگائی اور تحریر کیا، یہ ایک پرانی کہانی ہے، جو اب نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا، تو آئیے اب ایک نئی کہانی اور نئے چیپٹر کا آغاز کرتے ہیں۔ جب یہ پوسٹ وائرل ہوئی تو لوگوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پرستاروں کے احساسات کی قدر کرتے ہیں۔ جوزف پربھو نے کہا کہ وہ کافی عرصے جذبات کے ٹھنڈے ہونے کے لیے خاموش رہے، انہوں نے کہا کہ اپنے محسوسات کو دل میں لیکر بیٹھنے کے لیے زندگی بہت مختصر ہے۔

Related Articles