راجناتھ نے مقامی بنانے کے لیے 780 دفاعی مصنوعات کی تیسری فہرست جاری کی

نئی دہلی، اگست۔دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مسلسل قدم اٹھا رہی حکومت نے اتوار کو 780 مزید ایسی مصنوعات اور آلات کی تیسری فہرست جاری کی ہے جو درآمد نہیں کیے جائیں گے۔اس فہرست کو جاری کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس سے دفاعی پبلک سیکٹرکے اداروں کی طرف سے کی جانے والی درآمدات میں کمی آئے گی۔
اس فہرست کو ایک مقررہ وقت کے ساتھ منظور کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے بعد یہ مصنوعات صرف گھریلو صنعت سے خریدی جائیں گی۔ اس کی تفصیلات وزارت دفاع کی متعلقہ ویب سائٹ پر دی گئی ہیں۔ فہرست میں مذکور مقررہ مدت کے بعد ہی انہیں ہندوستانی صنعت سے خریدا جائے گا۔وزارت دفاع اس سے قبل بھی ایسی ہی دو فہرستیں جاری کر چکی ہے جس میں 458 آلات کوملک میں ہی بنانے اور تیار کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ پہلی فہرست کے تحت جاری کردہ 167 مصنوعات کو دیسی کیاجاچکا ہےاور اب ان کی درآمدات نہیں ہوگی۔ان مصنوعات کو ‘میک’ زمرے کے تحت مقامی بنانا ہوگا۔ ‘میک’ زمرہ کا مقصد ہندوستانی صنعت کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے ساتھ خود انحصاری حاصل کرنا ہے۔ صنعت کے ذریعہ آلات، سسٹمز، بڑے پلیٹ فارمز کے ڈیزائن اورترقی یاان کے اپ گریڈیشن سے متعلق منصوبے اس زمرے کے تحت شروع کئے جاسکتے ہیں۔ان مصنوعات کو مقامی بنانے سے معیشت کو فروغ ملے گا اور دفاعی پبلک سیکٹر کے اداروں کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔ اس کے علاوہ، یہ گھریلو دفاعی صنعت کی ڈیزائن کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا اوران ٹیکنالوجیز میں ہندوستان کی پوزیشن ڈیزائن لیڈرکی ہوگی۔

Related Articles