’جناح سے جوکرے پیار وہ پاکستان سے کیسے کرے انکار‘:پاترا

لکھنؤ:جنوری۔ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو سے پاکستان کو ہندوستان کا اصل دشمن نہ بتائے جانے کے متعلق ان کے مبینہ بیان پر ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس پی سربراہ پر طنز کسا’ جناح سے جو کرے پیار وہ پاکستان سے کیسے کرے انکار‘۔
بی جے پی ترجمان سنبت پاترا نے پیر کو یہاں پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’اکھلیش کا مبینہ بیان شرمناک اور تشویش کا باعث ہے۔ انہیں اس کے لئے ریاستی باشندوں سے معافی مانگنی چاہئے‘پاترا نے کہا کہ ایس پی سپریمو نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کو ہندوستان کا اصل دشمن نہیں مانتے ہیں۔ بی جے پی صرف ووٹوں کی سیاست کی وجہ سے پاکستان کو دشمن مانتی ہے‘۔پاترا نے کہا کہ اکھلیش کا یہ بیان تکلیف دہ، تشویش کا باعث اور شرمناک ہے۔ اکھلیش کو فورا اپنے اس بیان پر معافی مانگنی چاہئے۔
انہوں نے کہا’ میں آج ان سے(اکھلیش)چند سوالات پوچھنا چاہتا ہوں۔ کیا کشمیر کے باشندے ہمارے بھائی نہیں ہیں۔ جن کے اوپر روز پاکستان کی گولی چلتی ہے۔گولہ باری ہوتی ہے اور روزانہ نہتھے و معصوم لوگ پاکستان کے ذریعہ بھیجے گئے دہشت گردوں کے ذریعہ مارے جاتے ہیں۔ کیا ان کی(کشمیر کے لوگوں)زندگی زندگی نہیں ہے؟جو پاکستان آئے دن ہندوستان میں سازشیں کر کے دہشت گردانہ حملے کرتا ہے کیا وہ پاکستان ہندوستان کا دشمن نہیں ہے؟۔پاترا نے کہا’اکھلیش کا یہ بیان سن کر کہ پاکستان ہندوستان کا اصلی دشمن نہیں ہے۔صرف بی جے پی اسے دشمن بنارہی ہے میں تو یہی کہونگا چاہئے اکھلیش کو برا ہی کیوں نہ لگے۔ ’جناح سے جوکرے پیار وہ پاکستان سے کیسے کرے انکار‘۔

Related Articles