سیلاب متاثرین کی فوری طورپر مدد کی جارہی ہے: شیوراج
بھوپال، مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہاکہ ریاست میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی فوری طورپر مدد کی جارہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعہ تقریباً 800لوگوں کو محفوظ کردیا گیا ہے۔
سرکاری اطلاع میں مسٹر چوہان نے بتایا کہ کسی کی جان کا نقصان نہیں ہونے دیا گیا ہے۔ کشتیاں بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں لگی ہیں۔ بھوپال کے کمشنر سمیت دیگر حکام بھوپال ڈویزن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔ راحت پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو مدھیہ پردیش کی صورتحال سے واقف کرایا گیا ہے۔
وزیراعلی نے بتایا کہ کہیں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ریاست کے تقریباً 400گاوں سیلاب سے متاثر ہیں۔ ضرورت کے مطابق لوگوں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ نرمدا کے کچھ حصوں میں 20برس پہلے ہوئی بہت زیادہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹا ہے۔بچاو ٹیمیں سرگرم ہیں۔ بارش سے 1999کے سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹا ہے۔
وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ پانی سے گھرے جگہوں پر رہنے کی ضد نہ کرتے ہوئے انتظامیہ جب نکلنے کے لئے کہیں تو احتیاط کے ساتھ فوری طورپر دیگر مقامات یا راحتی کیمپ میں منتقل میں تعاون کریں۔
وزیراعلی نے رضاکاراداروں سے بھی بھی گزارش کی ہے کہ تعاون کریں۔ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو کھانا، کپڑا اور دیگر مدد فراہم کرنے میں تعاون کریں۔انہوں نے بتایا کہ بالاگھاٹ ضلع میں جو سیلاب سے متاثرہ کلمی گاوں کے باشندے ہیں انہیں ایئر لفٹ کرلیا گیا ہے۔ہوشنگ آباد ضلع کے کچھ گاوں باندرا بھان وغیرہ میں آرمی اور این ڈی آر ایف کی ٹیم ان کو نکالے گی۔ سیہور ضلع میں بھی کچھ گاوں سیلاب سے گھرے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ مسلسل ان سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہے ضرورت پڑی تو این ڈی آر ایف کی ٹیم کے ساتھ آرمی کے جوان ہماری مدد کریں گے۔آرمی کالم نصراللہ گنج اور شاہ گنج کو بیس بناکر آس پاس کے لوگوں کی مدد کریں گے۔
مسٹر چوہان نے بتایا کہ راحت کی بات یہ ہے کہ بارش ابھی کہیں کہیں رکی ہے، باندھوں سے بھی ڈسچارج تھوڑا کم ہوا ہے اور نرمدا کی آبی سطح آہستہ آہستہ کم ہونی شروع ہوئی ہے لیکن ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔