فرید آباد میں نجی شعبے کا سب سے بڑا اسپتال امرتا اسپتال تیار، مودی کریں گے افتتاح

نئی دہلی، اگست ۔ قومی راجدھانی خطہ کے فرید آباد علاقے میں ملک کا سب سے بڑا پرائیویٹ سیکٹر ہسپتال کم میڈیکل کالج امرتا ہسپتال تیار ہے، جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی 24 اگست کو کریں گے۔ ڈاکٹر سنجیو کے سنگھ، ریزیڈنٹ میڈیکل ڈائریکٹر، امرتا اسپتال، فرید آباد نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ سیکٹر 88 میں بنائے گئے اس اسپتال میں 2400 بستروں کی گنجائش ہے اور اس میں 81 خصوصی شعبے قائم کیے جارہے ہیں۔ اس ہسپتال میں میڈیسن کے آٹھ مراکز بھی ہوں گے جن میں کینسر، دل، اعصابی نظام، زچہ و بچہ کی دیکھ بھال، آرتھوپیڈکس، ٹرانسپلانٹ، ٹراما ٹریٹمنٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ متعدی بیماریوں کے علاج کے لیے ملک کی سب سے بڑی سہولت ہوگی۔ ہریانہ کے گورنر بنڈارو دتاتریہ، وزیر اعلیٰ منوہر لال اور ماتا امرتانندمئی دیوی بھی ماتا امرتانندمئی مٹھ کے زیراہتمام بنائے گئے اس اسپتال کے افتتاح کے موقع پر موجود ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 10 ملین مربع فٹ تعمیر شدہ رقبہ اور 14 منزلوں پر مشتمل اس ہسپتال میں طبی تعلیم اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تدریسی تربیت کے لیے جدید ترین سہولیات سے آراستہ فیکلٹی ہو گی۔ اس اسپتال میں ہندوستان کے علاوہ امریکہ، برطانیہ اور کچھ دوسرے ممالک کے بہترین ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو 25 سال پرانے امرتا اسپتال، کوچی کے انتظامات کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اسپتال میں مریضوں سے علاج کے لیے معقول فیس وصول کی جائے گی اور یہ یقینی طور پر دہلی، این سی آر اور دیگر کارپوریٹ اسپتالوں کے مقابلے کم ہوگی۔ ہسپتال میں غریبوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور ایسے مریضوں کی شناخت کے لیے ایک کمیٹی مسلسل کام کرتی رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت اس ہسپتال سے تقریباً 2000 افراد کو براہ راست اور 2000 دیگر کو بالواسطہ روزگار ملے گا۔ ایک بار جب ہسپتال پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنا شروع کر دے گا تو یہ 10000 لوگوں کو روزگار فراہم کرے گا اور 800 سے زیادہ ڈاکٹر اس میں کام کریں گے۔

Related Articles