رکی مارٹن کے خلاف جنسی تشدد کا کیس ختم

پورٹو ریکو،جولائی۔کیریبین جزیرے اور امریکا کے ماتحت چھوٹی ریاست پورٹو ریکو کی عدالت نے معروف گلوکار 50 سالہ رکی مارٹن کے خلاف بھانجے کے ساتھ غیر فطری طور پر جنسی تعلقات استوار کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کا کیس خارج کردیا۔خبر وں کے مطابق پورٹو ریکو کی عدالت میں 21 جولائی کو سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے گلوکار رکی مارٹن پر پہلے عائد کردہ تمام پابندیاں ہٹاتے ہوئے کیس کو خارج کردیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیس کی ورچوئل ہونے والی سماعت میں مقدمہ دائر کرنے والے 21 سالہ نوجوان ڈینس عدیل سنیش کے وکلا نے گلوکار پر عائد کردہ تمام الزامات سے دستبرداری کی، جس پر عدالت نے ان سے استفسار کیاکہ کیا انہیں دھمکیاں دی گئیں ہیں؟درخواست گزار کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے رضاکارانہ طور پر اپنے تمام الزامات کو واپس لے لیا، جس پر عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں گلوکار رکی مارٹن پر مقدمے کی وجہ سے عائد کردہ تمام پابندیاں ہٹاتے ہوئے مقدمے کو خارج کردیا۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ رکی مارٹن جھوٹے الزامات کا نشانہ بنے۔اگر رکی مارٹن پر الزامات درست ثابت ہوجاتے تو انہیں نصف صدی تک قید کی سزا اور جرمانہ ہو سکتا تھا۔ان پر رواں ماہ جولائی کے آغاز میں ایک نامعلوم شخص نے گھریلو تشدد سمیت استحصال کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس متعلق گزشتہ ہفتے یہ بات سامنے آئی کہ وہ گلوکار کا بھانجا تھا۔گلوکار پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے بھانجے کو تعلقات ختم کرنے پر تشدد اور بلیک میلنگ کا نشانہ بنایا۔کیس سے متعلق پورٹو ریکن میڈیا نے رپورٹس میں بتایا تھا کہ مقدمہ دائر کرنے والے نوجوان نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ ان کے اور رکی مارٹن کے درمیان 7 ماہ تک جنسی تعلقات رہے تھے مگر ان کی جانب سے تعلقات ختم کرنے پر گلوکار غصے میں آگئے اور ان پر تشدد کرنے لگے۔رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ مقدمہ دائر کرنے والے نوجوان کے مطابق ان کے ماموں تعلقات ختم کیے جانے کو تسلیم کرنے کو تیار ہی نہ تھے اور ان پر انہوں نے تشدد کرنا شروع کیا، جس پر انہوں نے مجبور ہوکر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی۔رکی مارٹن نے بھانجے کے ساتھ تعلقات کے الزامات کو مضحکہ خیز اور خلاف قدرت قرار دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔رکی مارٹن متنازع جنسی رجحانات رکھتے ہیں اور انہوں نے 2017 میں یورپی ملک سوئیڈن کے مرد گلوکار سے شادی کی تھی۔

Related Articles