مرلی وجے کی دوسال بعد ٹی این پی ایل سے مسابقتی کرکٹ میں واپسی ہوگی

چنئی، جون۔ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹر مرلی وجے نے آخری بار کسی قسم کا کوئی مسابقتی میچ 2020 میں کھیلا تھا، جب وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپٹلس کی ٹیم سے کھیل رہے تھے اور میچ چنئی سپر کنگز کے خلاف تھا۔ اس کے بعد سے انہوں نے کوئی بھی آئی پی ایل، تمل ناڈو پریمیئر لیگ (ٹی این پی ایل) یا گھریلو سطح کا کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ اب وجے ٹی این پی ایل سے واپسی کرتے نظرآسکتے ہیں، ٹی این پی ایل 2022 کے آغاز سے پہلے دائیں ہاتھ کے اس سلامی بلے باز نے کہا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات سے کرکٹ سے بریک لیاتھا اور اب وہ جو بھی کرکٹ کھیلیں گے اس سے بھرپور لطف اندوز ہوناچاہتے ہیں۔ اس ہفتے کے شروع میں چنئی میں ٹی این پی ایل کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے، وجے نے کہا، میں زیادہ سے زیادہ وقت تک کھیلنا چاہتا ہوں۔ میں نے صرف ایک ذاتی وجہ سے وقفہ لیاتھا۔ میرا ایک نوجوان خاندان ہے اور میں ان کی دیکھ بھال کرنا چاہتا تھا۔ میں اب اپنے کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور میں فٹ محسوس کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ میں اپنی ٹیم اورٹی این پی ایل کے لئے اپناکام کرسکتاہوں۔کرکٹ سے دور رہنا میرے لیے آسان فیصلہ نہیں تھا۔ میں کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا لیکن میرا جسم اس کے لیے فٹ نہیں تھا۔ مجھے کئی انجری بھی آئی تھی۔ میری ذاتی زندگی بھی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی تھی۔ میں چیزوں کو تھوڑا سا ٹھیک کرنا چاہتا تھا۔ اس لیے میں نے بریک لیاتھا۔ ٹی این سی اے کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے یہ موقع دیا۔

Related Articles