نپُن یوجنا سے ہنر مند تعمیراتی کارکنوں میں اضافہ ہوگا: پوری

نئی دہلی، جون۔مرکزی ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے وزیر ہردیپ پوری نے پیر کو کہا کہ ہندوستان میں عالمی معیار کی عمارت اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے کام ہوتے ہیں اور ‘نپن یوجنا’ کے تحت بڑی تعداد میں ہنر مند تعمیراتی کارکن تیار ہونے سے اس سیکٹر میں دنیابھر میں ہندوستان کا پرچم لہرائے گا۔نپن یوجنا کے تحت تعمیراتی کاموں میں مصروف تمام قسم کے مزدوروں کو تربیت دے کر انہیں مزید ہنرمند بنایاجائے گا، جس سے وہ نہ صرف قومی تعمیر میں بہتر کردار ادا کر سکیں گے بلکہ خلیجی اور یورپی ممالک میں روزگار کے بہتر مواقع بھی حاصل کر سکیں گے۔مسٹڑ پوری نے یہاں ‘نپن یوجنا’ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں عالمی معیار کی عمارتیں اور انفراسٹرکچر بنتے ہیں لیکن ان کی چرچابہت کم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل وسٹا پروجیکٹ، ورلڈ کلاس ایئرپورٹ وغیرہ اس کی براہ راست مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ کی یہ اسکیم اس شعبے کے لیے کئی طریقوں سے تبدیلی کا باعث ثابت ہوگی۔انہوں نے اسے ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تعمیراتی کاموں میں مصروف مزدورمزید ہنر مند ہوں گے جس سے تعمیراتی کام کامعیار بہترہوگا، کام تیزی سے مکمل ہوں گے، لاگت میں کمی آئے گی اور مزدوروں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس سے تمام متعلقہ فریق بہتر پوزیشن میں آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنسٹرکشن سیکٹر کا ملک کی جی ڈی پی بڑھانے اور روزگار کی فراہمی میں بہت بڑا کردار ہے۔ امید ہے کہ نپن یوجنا کے ذریعے مناسب تعداد میں ہنر مند کارکنوں کی دستیابی کے ساتھ یہ شعبہ اپنے تعاون میں مزید اضافہ کر سکے گا۔غور طلب ہے کہ مرکزی ہاؤسنگ اور شہری ترقی کی وزارت نے نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ مل کر تعمیراتی مزدوروں کے لیے نپن یوجنا شروع کی ہے۔

مسٹرپوری نے بتایا کہ تقریباً 900 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ جلد مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے اس کی مخالفت کرنے والے لوگوں کے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ آئندہ 250 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

Related Articles