جسٹن بیبر کا کیریئر صحت کی خرابی کی وجہ سے خطرے میں ہے؟
نیویارک،جون فالج کا شکار ہونے والے کینیڈین پاپ سنگر جسٹن بیبر نے اپنی بیماری کی وجہ سے اپنے تین کانسرٹس منسوخ کردیے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جسٹن بیبر جو کہ ’رمسے ہنٹ سنڈروم‘ (ramsay hunt syndrome) کا شکار ہونے کی وجہ سے زیرِ علاج ہیں، ان کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بیماری کی وجہ سے گلوکار کا میوزِک کیریئر خطرے میں پڑسکتا ہے۔رمسے ہنٹ سنڈروم کے حملے کے نتیجے میں مریض کے کان کے ارد گرد، چہرے یا منہ پر دردناک دانے بن جاتے ہیں، یہ اس وقت ہوتا ہے جب ’ویریلا زوسٹر‘(varicella-zoster) نامی وائرس دماغ میں پہنچ کر اعصاب کو متاثر کرتا ہے۔اس وائرس کا شکار ہونے والے مریض پلک جھپکنے کے لیے اپنی آنکھ پوری طرح بند نہیں کر پاتے اور اْنہیں مسکرانے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔جسٹن بیبر کے مداحوں کو تشویش ہے کہ فالج سے صحتیاب ہونے میں بہت وقت لگے گا، جس کی وجہ سے گلوکار کا میوزِک کیریئر بہت بری طرح متاثر ہوگا۔اس بیماری کے حوالے سے برطانوی کنسلٹنٹ پلاسٹک ری کنسٹرکٹیو سرجن چارلس ندوکا نے کہا کہ اس سنڈروم کے تقریباً 75 فیصد مریض جوکہ ابتداء میں علاج کروالیتے ہیں، بشمول اسٹیرائڈز اور اینٹی وائرل کے، وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو جاتے ہیں۔خیال رہے کہ جسٹن بیبر کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ گلوکار کی حالت میں بہتری نظر آرہی ہے لیکن جسٹن بیبر ابھی اس حوالے سے لاعلم ہیں کہ وہ کب تک پوری طرح صحت یاب ہوجائیں گے۔