حکومت اگنی پتھ اسکیم کو فوری طور پر واپس لے : دیپیندر ہڈا

نئی دہلی ، جون ۔ کانگریس کے رکن پارلیمان دیپیندر ہڈا نے مودی حکومت پر فوج پرسیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فوج میں بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ تینوں سروسز میں فوجیوں کی بھرتی کے لیے حکومت کی طرف سے اعلان کردہ اگنی پتھ اسکیم پر کچھ ریاستوں میں نوجوانوں کی جانب سے احتجاج کئے جانے کے درمیان مسٹر ہڈا نے جمعرات کو کہا کہ فوج پر سیاست کے بجائے صرف قومی پالیسی ہونی چاہیے۔ مسٹر ہڈا نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا’’ میری بار بار کی درخواستوں کے باوجود اس حکومت نے فورسز کی بھرتی کو نہیں کھولا ہے۔ پارلیمنٹ میں میرے سوال یہی اطلاع دی کہ تین برسوں سے بھرتی بند ہے جبکہ ڈیڑھ لاکھ آسامیاں خالی پڑی ہیں‘ حکومت، آپ ہر موضوع پر سیاست کرو، لیکن فوج پر نہیں ۔ فوج پر صرف قومی پالیسی ہونی چاہیے جسے پورا ملک قبول کرے ‘‘۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا’’ اگنی پتھ فوجی بھرتی اسکیم دشمنوں سے گھرے ملک کی سلامتی کے لئے اور بھرتی کے لئے کوشش کر رہے کروڑوں نوجوانوں کے مستقبل کے لیے خطرناک ہے ۔ یہ ان نوجوانوں کے قوم کی خدمت کے عزم کی توہین ہے، ان نوجوانوں کے مستقبل اور وقار کا تحفظ نہ کر سکے، ایسی اسکیم کو سرکار واپس لے ۔ انہوں نے کہا کہ ون رینک ون پنشن کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آنے والی مودی حکومت نے خود پنشن ختم کرنے کی تیاری کر لی ہے۔

Related Articles