موت کے بعد بھی سدھو موسے والا کی انسٹاگرام پر حکمرانی برقرار

ممبئی،جون ۔پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کی موت کے بعد بھی انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔گزشتہ ماہ ایک حملے میں قتل ہوجانے والے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی آج 29ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔جہاں مداح سوشل میڈیا پر سدھو موسے والا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں تو وہیں گلوکار کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔سدھو موسے والا کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 10 ملین سے زیادہ ہوگئی ہے۔گلوکار کی زندگی میں اْن کے انسٹاگرام پر 10 ملین سے کم فالوورز تھے تاہم اب ہر گزرتے دن کے ساتھ فالوورز بڑھ رہے ہیں۔گلوکار نے اپنی زندگی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 231 پوسٹس کی تھیں جبکہ اْن کی موت کے بعد اب تک 6 مزید پوسٹس کی گئی ہیں۔سدھو موسے والا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ اْن کی ٹیم اور اہلخانہ کی جانب سے استعمال کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔

Related Articles