سعودی شہری کی ایمبر ہرڈ کو شادی کی پیشکش، آڈیو وائرل ہوگئی
جدہ،جون۔سعودی عرب: سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے حال ہی میں جونی ڈیپ سے ہتک عزت کا کیس ہارنے والی ہالی ووڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ کو شادی کی پیشکش کی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف امریکی اداکارہ ایمبر ہرڈ کو سعودی شہری کی جانب سے شادی کی پیشکش کی گئی ہے جس کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔آڈیو میں مذکورہ شخص کہہ رہا ہے کہ ‘ایمبر چونکہ آپ پر تمام دروازے بند ہوچکے ہیں، اسی لیے میرے علاوہ کوئی نہیں جو آپ کا خیال رکھے ، میں نے دیکھا ہے کہ کچھ لوگ آپ سے نفرت کر رہے ہیں اور آپ کو پریشان کررہے ہیں’۔آڈیو میں اس شخص نے مزید کہا ‘اسی لیے میں آپ سے شادی کرنے کا خواہش مند ہوں اور اس کا فیصلہ کر چکا ہوں، اللہ ہم دونوں کو خوش رکھے، آپ ایک نعمت ہیں لیکن لوگوں کو قدر نہیں، میں اس بوڑھے آدمی (جونی ڈیپ) سے بہتر ہوں’۔یاد رہے کہ امریکی اداکار جونی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ اداکارہ ایمبر ہرڈ کے خلاف واشنگٹن پوسٹ کے لیے لکھے گئے ایک آرٹیکل پر مقدمہ دائر کیا تھا جس میں اداکارہ نے جونی ڈیپ پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔تاہم سات ہفتوں کے ٹرائل کے بعد ورجینیا کی عدالت نے ڈیپ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ان کی سابق اہلیہ کو حکم دیا تھا کہ وہ جانی کو ہتک عزت کیس میں ناکامی کے بعد 10.23 ملین ڈالر کا جرمانہ ادا کریں۔