تاریخ ساز برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کے قائم کردہ بڑے ریکارڈ

لندن،جون۔ملکہ الزبتھ کی تخت نشینی کے ستر برس پورے ہونے پر برطانیہ میں کئی روزہ تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔ اپنے اقتدار کی پلاٹینم جوبلی منانے والی برطانوی ملکہ کئی بڑے ریکارڈ قائم کر چکی ہیں۔ الزبتھ ثانی کی سنگ میل کامیابیاں:۔ الزبتھ ثانی کے دور اقتدار کے ستر برس اور تقریباً چار مہینے پورے ہو چکے ہیں۔ برطانیہ کی تاریخ میں یہ کسی بھی شاہی حکمران کا طویل ترین دور اقتدار ہے۔ الزبتھ ثانی سے قبل برطانیہ میں طویل ترین عرصے تک حکمرانی کا ریکارڈ ملکہ وکٹوریہ نے قائم کیا تھا۔ ملکہ وکٹوریہ کا دور اقتدار 1901ء میں ختم ہوا تھا اور وہ 63 برس، سات ماہ اور دو دن تک تخت نشین رہی تھیں۔۔ ملکہ الزبتھ کی عمر اس وقت 96 برس ہے اور وہ دنیا کی سب سے عمر رسیدہ سربراہ مملکت اور بزرگ ترین شاہی حکمران بھی ہیں۔۔ عالمی سطح پر الزبتھ ثانی سے بھی زیادہ عرصے تک صرف دو بادشاہ حکمران رہے ہیں۔ ایک فرانس کے لوئی چہاردہم جو 1643ء سے لے کر 1715ء تک 72 برس سے بھی زیادہ عرصے تک بادشاہ رہے تھے۔ دوسرے تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول تھے، جن کا انتقال اکتوبر 2016ء میں ہوا تھا۔ وہ 70 برس اور چار ماہ تک حکمران رہے تھے۔ الزبتھ ثانی تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول کی بہت طویل حکمرانی کا ریکارڈ توڑنے کے انتہائی قریب پہنچ چکی ہیں۔۔ موجودہ برطانوی ملکہ 1952ء سے اب تک 100 سے زائد ممالک کا سفر کر چکی ہیں۔ یہ بھی کسی برطانوی حکمران کے شاہی دوروں کا ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ ستر برسوں میں ملکہ الزبتھ برطانوی دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مجموعی طور پر 150 سے زائد دورے بھی کر چکی ہیں۔۔ الزبتھ ثانی نے 22 مرتبہ کینیڈا کا دورہ کیا، جو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔ یورپ میں انہوں نے سب سے زیادہ دورے فرانس کے کیے، جن کی تعداد 13 بنتی ہے۔ برطانوی ملکہ بڑی روانی سے فرانسیسی زبان بھی بولتی ہیں۔۔ نواسی برس کی عمر میں ملکہ الزبتھ نے نومبر 2015ء میں بیرون ملک سفر کرنا بند کر دیا تھا۔ اخبار ٹیلیگراف کے مطابق وہ تب تک دیگر ممالک کا اتنا زیادہ سفر کر چکی تھیں کہ وہ پوری دنیا کے 42 چکر لگانے کے برابر بنتا تھا۔۔ ملکہ الزبتھ کا طویل ترین بیرون ملک سفر 168 دنوں کا تھا، جس دوران نومبر 1953ء سے لے کر مئی 1954ء تک انہوں نے 13 ممالک کے دورے کیے تھے۔۔ برطانوی سربراہ مملکت کے طور پر الزبتھ ثانی آج تک تقریباً 21 ہزار تقریبات میں شرکت کر چکی ہیں، چار ہزار قوانین کی شاہی منظوری دے چکی ہیں اور دیگر ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کے برطانیہ کے 112 دوروں کی میزبانی بھی کر چکی ہیں۔۔ موجودہ ملکہ کے دور حکمرانی میں برطانیہ میں 14 وزرائے اعظم لندن میں ملکی حکومت کی سربراہی کر چکے ہیں۔ ان میں 1952ء سے 1955ء تک وزیر اعظم رہنے والے ونسٹن چرچل سے لے کر 2019ء میں اپنے موجودہ منصب پر فائز ہونے والے بورس جانسن تک ایک درجن سے زائد برطانوی سیاست دان شامل ہیں۔۔ الزبتھ ثانی امریکہ کے گزشتہ 14 صدور میں سے 13 سے ذاتی طور پر ملاقات کر چکی ہیں۔ ان میں سے واحد استثنا صدر لِنڈن بی جانسن تھے۔۔ برطانوی ملکہ چرچ آف انگلینڈ کی سپریم گورنر بھی ہیں۔ اس حیثیت میں ان کے مذہبی عہدے کی روایت 16 ویں صدی میں بادشاہ ہنری ہفتم کے دور میں ایک مسیحی فرقے کے طور پر چرچ آف انگلینڈ کے قیام سے جا ملتی ہے۔۔ ملکہ الزبتھ نے 73 برس تک شادی شدہ زندگی گزاری۔ یہ بھی کسی برطانوی شاہی حکمران کا ایک ریکارڈ ہے۔ ان کے شوہر پرنس فلپ 99 برس کی عمر میں گزشتہ برس اپریل میں انتقال کر گئے تھے۔۔ 1996ء میں الزبتھ ثانی نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ یہ کسی بھی برطانوی شاہی حکمران کا چین کا پہلا دورہ تھا۔۔ ملکہ الزبتھ ثانی نے لندن میں اپنی شاہی رہائش گاہ بکنگھم پیلس کی ویب سائٹ 1997ء میں متعارف کرائی تھی۔ انہوں نے اپنی پہلی ٹویٹ 2014ء میں کی۔ اور تین برس قبل انہوں نے انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بھی بنا لیا تھا۔ برطانیہ کی اس تاریخ ساز ملکہ نے اپنی پہلی ای میل 26 مارچ 1976ء کے روز بھیجی تھی۔

Related Articles