مشہور زمانہ فلم Jaws کا چائلڈ اسٹار پولیس چیف بن گیا

میساچوسیٹس،مئی۔ اسٹیون اسپیل برگ کی مشہور زمانہ فلم Jaws میں چائلڈ ایکٹر کا مختصر سا کردار ادا کرنے والے جوناتھن سیارل اسی جزیرے کے پولیس چیف بن گئے جہاں فلم کی شوٹنگ ہوئی تھی۔سنہ 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم میں جوناتھن نے اس بچے کا کردار ادا کیا تھا جس نے لوگوں کو ڈرانے کے لیے مذاق کی غرض سے پانی میں شارک فِنز رکھ دیے تھے۔اب 47 برس بعد وہ بچہ امریکی ریاست میساچوسیٹس کے جزیرے میں واقع شہر اوکس بِلَف کا پولیس چیف بن گیا ہے جہاں فلم کی زیادہ تر عکس بندی ہوئی تھی۔مشہور زمانہ فلم Jaws کی کہانی سیاحوں پر فلمائی گئی تھی جو ساحل پر تفریح کے لیے گئے لیکن ایک بڑی سفید شارک نے ان کو گھیر لیا۔چائلڈ اسٹار سیارل مقامی پولیس میں 1986 کو بھرتی ہوئے تھے، 2008 میں انہوں نے ایک شخص کو اسی مذاق کی پاداش میں گرفتار کیا تھا جو مذاق انہوں نے فلم میں کیا۔مذکورہ شخص ساحل پر موجود سیاحوں سے جھوٹ بولتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ اس نے جزیرے کے قریب پانی میں سفید شارک مچھلیاں دیکھی ہیں۔

 

Related Articles