کرناٹک میں تباہ کئے گئے 36000 مندروں کو زندہ کریں گے: ایشورپا

بنگلورو، مئی۔کرناٹک کے مانڈیا اور جنوبی کنڑ اضلاع میں مندر بمقابلہ مسجد تنازعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کے ایس ایشورپا نے یہ کہہ کر تنازعہ کھڑا کر دیا ہے کہ مغلوں نے 36000 سے زیادہ مندروں کو تباہ کر دیا تھا اور ان کی پارٹی انہیں قانونی طور پر دوبارہ زندہ کرے گی۔ جمعہ کو ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے، مسٹر ایشورپا نے سوال کیا ’’سری رنگا پٹنہ میں ایک مندر کے اوپر مسجد کیوں بنائی گئی ہے؟ مغلوں نے 36000 مندروں کو تباہ کیا۔ ہم ان سب کو بغیر کسی جدوجہد کے بلکہ عدالتوں کے ذریعے زندہ کریں گے۔‘‘مسٹر ایشورپا نے کانگریس سے پوچھا کہ اس نے سری رنگا پٹنہ میں ہنومان مندر کے وجود کے بارے میں کیوں نہیں بتایا، جسے مسلمانوں کے ذریعہ ٹیپو سلطان کے دور میں منتقل کیا تھا۔’’مسلمانوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ سری رنگا پٹنہ میں ایک ہنومان مندر تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت انہوں نے مندر کو منتقل کیا اور اسے بچایا۔ لیکن مندر کیوں منتقل کیا گیا؟ اس کی جگہ مسجد کیوں بنائی گئی؟ کانگریس اس بارے میں کیا کہتی ہے؟نریندر مودی وچار منچ نے منڈیا انتظامیہ سے رابطہ کیا اور سری رنگا پٹنہ کی جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت کے لیے ایک میمورنڈم پیش کیا۔ منچ نے دعویٰ کیا کہ مسجد ہنومان کے مندر پر بنائی گئی تھی اور مسجد کے اندر ہندو دیوتاؤں کی مورتیاں ہیں۔ سری رنگا پٹنہ کرناٹک کے منڈیا ضلع میں ٹیپو سلطان کا سابق دارالحکومت تھا۔سری رنگا پٹنہ کے علاوہ، 21 اپریل کو کرناٹک میں ایک اور مندر-مسجد کا تنازعہ سامنے آیا، جب منگلورو میں ایک پرانی مسجد کے نیچے ایک ہندو مندر جیسا آرکیٹیکچرل ڈیزائن پایا گیا۔وشو ہندو پریشد نے ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا اور دستاویزات کی تصدیق ہونے تک مسجد کی مرمت کا کام روک دیا۔ یہ معاملہ سٹی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔ بی جے پی نے منگلورو کی جامع مسجد میں گیانواپی طرح کے سروے کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔کچھ دن پہلے ضلعی انتظامیہ نے امتناعی احکامات نافذ کیے تھے، جب کہ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے تمبولا پرشنا انوشتھان کیا تھا تاکہ یہ اندازہ لگایا جاسکے کہ مسجد کی تعمیر سے پہلے شیو مندر موجود تھا۔مندر مسجد تنازعہ بدھ کو تلنگانہ بھی پہنچ گیا۔ ریاستی بی جے پی صدر بندی سنجے نے الزام لگایا کہ ریاست میں کئی مندروں کو منہدم کیا گیا اور ان پر مسجدیں بنائی گئیں۔

Related Articles