امارات طویل مشن پر اپنا خلا نورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجے گا

دبئی،اپریل۔متحدہ عرب امارات نے کل جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ خلا میں بین الاقوامی اسٹیشن پر اپنا ایک خلانورد بھیجے گا۔دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ امارات میں خلائی سیکٹر کے لیے ایک نئے سنگ میل کے سلسلے میں ایک نئے سمجھوتے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت طویل مدت یعنی 180 روز کے لیے پہلا عرب خلا نورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا جائے گا۔ امارات خلا میں طویل المدت مشن بھیجنے والا تاریخ کا 11 واں ملک ہو گا۔ ہمیں امارات کے نوجوانوں پر فخر ہے ۔امارات میں انگریزی اخبار دی نیشنل کے مطابق اماراتی خلا نورد 2023ء کی پہلی شش ماہی میں SPACE X کمپنی کے زیر انتظام شٹل کے ذریعے روانہ ہونے والی ٹیم کا حصہ ہو گا۔ یہ شٹل فلوریڈا میں کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے روانہ ہو گی۔مذکورہ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط بدھ کے روز واشنگٹن میں اماراتی سفارت خانے میں ہوئے۔یاد رہے کہ فروری 2021ء میں امارات کا انسانوں کے بغیر خلائی مشن الامل مریخ کے مدار میں داخل ہوا تھا۔ اس طرح امارات سرخ سیارے تک پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔ستمبر 2019ء میں ہزاع المنصوری پہلے اماراتی خلا نورد بن گئے جنہوں نے خلا کا سفر کیا۔

Related Articles