غریبوں کا استحصال کیے بغیر سرکاری اسپتالوں میں علاج

وزیراعلی تلنگانہ نے چارنئے اسپتالوں کا سنگ بنیاد رکھا

حیدرآباد، اپریل .وزیراعلی تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ حکومت طبی نظام کو مستحکم بنانے کے اقدامات کررہی ہے۔ منگل کو، گچی باؤلی، ایل بی نگر، صنعت نگر اور الوال کے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹس آف میڈیکل سائنسس(ٹمز) اسپتالوں کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعلی نے الوال میں منعقدہ سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کورونا جیسی وبائیں آئیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی ریاست، ملک یا شہر میں طبی نظام مضبوط ہو تو وہ کم نقصان اٹھائیں گے اور اگر نظام بہتر نہیں ہو گا تو لاکھوں لوگ مر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے طبی نظام کو مضبوط بنانے کے عمل میں کئی قدم اٹھائے ہیں، تلنگانہ نے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے کافی جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا ”ہم طبی نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ غربت کی وجہ سے لوگوں کو دوائیوں سے دور نہیں رہنا چاہئے۔ حکومت نے موجودہ عثمانیہ اسپتال اور گاندھی اسپتال کے علاوہ دیگرچاراسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام قسم کے طبی معائنے اور سرجری عوام کے لیے دستیاب کرائی جائیں گی“۔ وزیراعلی نے اعلان کیا کہ الوا ل کے ٹمز میں خواتین کا میٹرنٹی ونگ قائم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے حیدرآباد میں طبی خدمات مفت فراہم کی جائیں گی اور حیدرآباد میں چھ ہزار بستروں پر مشتمل آکسیجن کی سہولت ہوگی۔ وہ چاہتے ہیں کہ غریبوں کا استحصال کیے بغیر سرکاری اسپتالوں میں علاج ہو سکے۔قبل ازیں وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں تین سوپر ملٹی اسپیشلٹی اسپتالوں کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں الوال۔ گڈی انارم اور ایرہ گڈہ میں تعمیر کئے جانے والے اسپتال بھی شامل ہیں۔ سنگ بنیاد تقریب میں ریاستی وزراء ہریش راؤ، ویمولا پرشانت ریڈی، ٹی سرینواس یادو، سبیتا اندرا ریڈی، ارکان اسمبلی گوپی ناتھ، سدھیر ریڈی، کالیرو وینکٹیش، راجیہ سبھا کے ارکان کے کیشو راؤ اور جی ایچ ایم سی کے میئر گدوال وجئے لکشمی بھی موجود تھے۔ ہر ایک اسپتال13.71 لاکھ مربع فیٹ کے رقبہ پر محیط ہے۔ گڈی انارم میں تعمیر ہونے والے اسپتال کیلئے 900 کروڑ، الوال اسپتال کیلئے 897 کروڑ اور ایرہ گڈہ اسپتال کی تعمیر کیلئے 882 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے حال ہی میں محکمہ صحت کی جانب سے احکام جاری کئے گئے۔ الوال سوپر اسپیشالیٹی اسپتال کیلئے 28.41 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جس پر جی پلس 5منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ گڈی انارم سوپر اسپیشالیٹی اسپتال کیلئے 21.36 ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی جس پر جی پلس 14 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ ایرہ گڈہ سوپر اسپیشالٹی اسپتال کیلئے 17 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جہاں پر جی پلس 14 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی، ہر ایک سوپر اسپیشالیٹی اسپتال 1000بستروں پر مشتمل رہے گا۔ ان اسپتالوں میں تمام اقسام کے اسپیشالیٹی، سوپر اسپیشالیٹی طبی خدمات دستیاب رہیں گی۔طبی تعلیم کیلئے پی جی اسپیشالیٹی، سوپر اسپیشالیٹی نشستیں، نرسنگ، پیرا میڈیکل کالجس بھی دستیاب رہیں گے۔الوال میں تعمیر ہونے والے اسپتال میں اضلاع سنگاریڈی، سدی پیٹ اور عادل آباد سے آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولت ہوگی۔ گڈی انارم میں تعمیر ہونے والے اسپتال میں اضلاع کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ کے مریضوں کو طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ ایرہ گڈہ اور گچی باؤلی کے اسپتالوں میں اس کے اطراف و اکناف کے اضلاع کے عوام کو موثر طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

Related Articles