صنعت اور علاقہ وار مطالعے کی ضرورت: گڈکری

نئی دہلی، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے جمعہ کے روز صنعت اور علاقہ وار مطالعے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل مائیکرو فنانس انسٹی ٹیوٹ کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ تاجر، کاروباری اور دکاندار جیسے چھوٹے کاروباری افراد کو 10 لاکھ روپے تک کے قرض مہیا ہوسکے۔
چھوٹی صنعتوں کی تنظیموں کے اجلاس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ بنیادی مسائل کے حل کے لئے پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے ہر صنعت اور شعبے کا وسیع پیمانے پر مطالعہ کرنا ہوگا اور اس کے نتائج کی بنیاد پر پالیسیوں کا تعین کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالعے پلاسٹک، ملبوسات، چمڑے ، پیٹرو کیمیکل وغیرہ کی صنعتوں پر کیے جانے چاہئیں۔ اس سے صنعتوں کے مسائل جاننے میں مدد ملے گی اور ان کو حل نکالا جاسکے گا۔
مرکزی وزیر نے صنعتوں سے خود انحصار مہم میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے درآمدات کم ہوں گی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ اس سے مینوفیکچرنگ کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ملک کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دیہی، قبائلی اور زراعتی علاقوں میں صنعتی علاقے بنانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ سوشل مائیکرو فنانس انسٹی ٹیوٹ کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ تاجر، کاروباری اور دکاندار جیسے چھوٹے کاروباری افراد کو 10 لاکھ روپے تک کے قرض مہیا ہوسکے۔

Related Articles