ارجنٹائن میں چلتی ٹرین کے نیچے آنے والی خاتون زندہ بچ گئی
بیونس آئرس ،اپریل۔ارجنٹائن میں ایک خاتون چلتی ٹرین کے نیچے گرنے کے بعد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کے بیونس آئرس اسٹیشن پر ایک خاتون بیہوشی کی حالت میں چلتی ٹرین کے نیچے آگئی اور مرنے کے بجائے وہ زندہ بچ گئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ٹرین سٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی پر ریکارڈ کیے گئے ناقابل یقین مناظر میں دکھایا گیا ایک خاتون ٹرین کی پٹریوں کی طرف بڑھ رہی ہے اور جہاں سے ٹرین گزر رہی ہے، خاتون اپنے پیروں سے ٹھوکر کھاتے ہوئے دو بوگیوں کے درمیان گِر جاتی ہے۔خاتون جیسے بوگیوں کے نیچے گِرتی ہے تو وہاں موجود مسافر خوفزدہ حالت میں اسے ٹرین کے نیچے سے نکالتے ہیں اور ہسپتال پہنچاتے ہیں جہاں خاتون کی جان بچ جاتی ہے۔ اس حوالے سے خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں جانتی کہ میں ابھی تک کیسے زندہ ہوں، میں اب بھی اس سب کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ کینڈیلا نامی خاتون نے مزید کہا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ حادثے میں بچ جانے کے بعد انہیں دوبارہ زندگی ملی ہے۔ خاتون نے کہا کہ میرا بلڈ پریشر اچانک کم ہوا اور میں بے ہوش ہوگئی۔ میں نے اپنے سامنے والے شخص کو ہٹانے کی کوشش کی لیکن مجھے کچھ اور یاد نہیں، یہاں تک کہ جب میں ٹرین سے ٹکرا گئی تھی۔