بھگونت مان نے تعلیم کو قرض سے آزاد کرنے کی دی گارنٹی

پٹیالہ، مارچ۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے پنجابی یونیورسٹی کو قرض کے بھاری بوجھ سے آزاد کرنے کی گارنٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی ہندوستان کی اس باوقار یونیورسٹی کی قابل فخر اور اصلی شان کو بحال کیا جائے گا۔مسٹر مان نے گذشتہ روز یہاں گرو تیغ بہادر ہال میں پنجابی فلم اینڈ ٹی وی ایکٹرس ایسوسی ایشن اور یونیورسٹی کے زیر اہتمام پنجابی سنیما، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے تین روزہ میگا شو کے آخری دن کی تقریبات کی صدارت کرتے ہوئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ کی کمی کی وجہ سے کسی بھی طالب علم کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ ہماری حکومت کی اولین ترجیح طلبا کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔ریاست کو ’رنگلا پنجاب‘ بنانے کے لیے نوجوانوں سے مکمل حمایت اور تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے مسٹر مان نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمیشہ عظیم گروؤں، پیروں- پیغمبروں اور شہید اعظم بھگت سنگھ جیسے بہادر ہیرو سے تحریک لیں گے۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت انتقامی جذبے سے کام نہیں لے گی، کسی کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔مسٹر مان نے اساتذہ کے زیر التوا مسائل کے بارے میں کہا کہ یہ بہت جلد حل ہو جائیں گے اور اب کسی بھی استاد کو اپنے مطالبات کی تکمیل کے لیے پانی کی ٹنکیوں پر نہیں چڑھنا پڑے گا۔ دہلی کی طرز پر پنجاب کے اسکول کالج اساتذہ سے تعلیم کے علاوہ کوئی اور کام نہیں لیا جائے گا۔مسٹر مان نے ہونہار طلبا اور پیشہ ور افراد کی بیرون ملک منتقلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ہمارے نوجوانوں کی بے پناہ توانائی اور ٹیلنٹ کو بہتر طور پر استعمال کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرکے ریاست میں ہی روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ انھیں اپنے بہتر مستقبل کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہ پڑے۔قبل ازیں اپنی طالب علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے مسٹر مان نے کہا کہ کالج کی تعلیم کے دوران جب وہ پنجابی یونیورسٹی کے یوتھ فیسٹیول میں شرکت کے لیے آتے تھے تو انہوں نے ہار اور جیت کے کئی اتار چڑھاؤ بھی دیکھے۔ وزیراعلیٰ نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی خواہشات اپنے بچوں پر مسلط نہ کریں تاکہ بچوں کی صلاحیتوں کو پہچانا جائے اور وہ زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔وزیر تعلیم گرمیت سنگھ میت ہیئیر نے پنجابی یونیورسٹی کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں آگے لانے کے لیے حکومت کی طرف سے صد فیصد مدد کا یقین دلایا۔ نوجوانوں کی توانائی کو مثبت انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سردار میت ہیئر نے کہا کہ پنجاب حکومت ریاست کو آگے لے جانے کے لیے پنجاب کے نوجوانوں کے جذبے کو بروئے کار لائے گی۔اس دوران وزیراعلیٰ نے پنجابی فلم اور ٹی وی ایکٹرس ایسوسی ایشن اور پنجابی یونیورسٹی کے زیر اہتمام سہ روزہ پنجابی سنیما، ٹیلی ویژن اور تھیٹر مہا اُتسو کے اختتام پر معروف فلم ڈائریکٹر منموہن سنگھ، مشہور پنجابی اداکار یوگراج سنگھ، گگو گِل، وجے ٹنڈن،گلوکار محمد صدیق اور سریندر چھندا اور فلم ڈائریکٹر سُمِت کَنگ کو اعزاز دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایسوسی ایشن کے سووینیئر کو بھی ریلیز کیا۔ قبل ازیں پنجابی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اروند نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کرتے ہوئے پنجابی یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

Related Articles