ڈیوڈ بیکھم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس یوکرینی خاتون ڈاکٹر کے حوالے کر دیے

لندن،مارچ۔دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑیوں میں سے ایک برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ بیکھم نیاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس یوکرین کی ایک خاتون ڈاکٹر کے حوالے کردییہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انگلش فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکھم نے اتوار کے روز اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا کنٹرول یوکرین کے شہرخارکیف میں کام کرنے والی ایک یوکرینی ڈاکٹر کو دے دیا۔ڈیوڈ بیکھم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس خارکیف کے پیرینٹل سینٹر(حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کرنے والا مرکز) کی سربراہ ڈاکٹر ارینا کے حوالے کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرا رینا خارکیف میں حاملہ خواتین کی زندگیاں بچانے اور محفوظ طریقے سے بچوں کی پیدائش کیلئے کام کرتی ہیں۔ڈیوڈ بیکھم نے کہا کہ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس حوالے کرنے کا مقصد ارینا جیسے ہیلتھ ورکرز جو یوکرین میں دوسروں کی جان بچانے کیلئے کام کررہے ہیں ان کی محنت کو اجاگر کرنا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ارینا نے اتوار کے روز دن بھر شہر میں روسی حملوں کے بعد طبی پیشہ ور افرادکے شاندار کام کرنے کی ویڈیوز پوسٹ کیں۔رپورٹس کے مطابق ارینا کی اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ گولہ باری سے بچنے کے لیے نوزائیدہ بچوں کا علاج ایک تہہ خانے میں کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ڈاکٹر اریناکا کہنا ہے کہ روسی حملے کے بعد ہم ہر روز 24 گھنٹے کام کرنے میں مصروف ہیں جبکہ بمباری کی صورت میں پہلے دن کام کرنا سب سے مشکل تھا سمجھ نہیں آرہا تھا کیا کریں۔اس کے علاوہ بیکھم نے اپنے فالورز کو اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کو چندہ دینے کی ترغیب بھی دی جس کے لیے وہ بطور سفیر خدمات انجام دیتے ہیں۔واضح رہے کہ ڈیوڈ بیکھم کے انسٹاگرام پر 71 ملین سے زائد جبکہ فیس بک پر 56 ملین فالورز ہیں۔یاد رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا جس میں روسی افواج نے زیادہ تر دارالحکومت کیف اور خارکیف شہر کو نشانہ بنایا۔

Related Articles