دنیا میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد 20۔2 کروڑ سے متجاوز
واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی، جان لیوا اور خوفناک وبا کووڈ -19 کا قہر دنیا بھر میں رکنے کا اب بھی نام نہیں لے رہا ہے اور عالمی سطح پر کورونا متاثرین کی تعداد اب 20۔2 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور 7.81 لاکھ لوگ اس جان لیوا وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں امریکہ اب بھی دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے۔وہیں اس مہلک وبا سے ہلاک شدگان کے معاملہ میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے، میکسیکو تیسرے اور ہندوستان اموات کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کوروناوائرس سے دنیا بھر میں 22،136،954 افرادمتاثر اور 7،80،908 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ میں اب تک 5،482،416 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر اور 171،821 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 3،407،354 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 109،888 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بدھ کی صبح ہندوستانی مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد 64531 سے بڑھ کر 27،67،274 ہوگئی اسی دوران 1092 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 52،889 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 20،37،871 ہوگئی ہے۔ کورونا کے فعال کیسز ایک بار پھر بڑھ کر 676،514 ہوچکے ہیں۔