بائیڈن کی روس میں داخلے پرپابندی عائد
ماسکو/کیف ،مارچ۔ روس نے امریکی صدر جوبائیڈن سمیت دیگر اہم امریکی عہدیداروں کیروس میں داخلے پر پابندیاں عائدکردی ہیں۔ پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد اعلان کردہ تمام افراد روس میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ روسی وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن، سیکرٹری خارجہ انتھونی بلنکن اور سیکرٹری دفاع جنرل (ر) لائیڈ آسٹن پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔روسی وزارت خارجہ کے حوالے سے عالمی خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ امریکی سی آئی اے کے سربراہ پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین پر کیے جانے والے روسی حملے کے بعد سے امریکا اور یورپ نے روس پر متعدد نوعیت کی پابندیاں عائد کی ہیں جن میں روز بروز اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔ امریکا اور یورپ کی جانب سے اعلان کردہ پابندیاں بنیادی طور پر روس کی معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔ امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے اعلان کردہ پابندیوں کے ساتھ ہی دیگر بڑی کمپنیوں نے بھی روسی مصنوعات پر مختلف نوعیت کی پابندیاں لگائی ہیں۔