برطانوی وزیراعظم شمالی یورپی فورس کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر ابھریں گے، بورس جانسن

لندن ،مارچ ۔ برطانوی وزیراعظم دس ممالک پر مشتمل شمالی یورپ کی فورس کے رہنمائوں سے ملاقات کریں گے،میڈیارپورٹس کے مطابق ڈائوننگ اسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیاکہ متوازی طور پر جانسن لندن میں جوائنٹ ایکسپیڈیشنری فورس (جے ای ایف)کے رہنمائوں سے ملاقات کریں گے جو دس ممالک پر مشتمل شمالی یورپ میں سیکیورٹی پر مرکوز اتحاد ہے۔جانسن نے بیان میں کہا کہ روس کے یوکرین پر حملے سے یورپی سلامتی متزلزل ہو گئی ہے اور ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں گے کہ ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہو کر ابھریں۔انہوں نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمیرپوتین کی دھمکیوں کے خلاف ہماری مزاحمت کو یقینی بنانا اور فوجی پہلو سے آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شمالی سمندر اور بحیرہ بالٹک میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہم اپنی توانائی کی فراہمی اپنی معیشت اور اپنی اقدار میں روسی مداخلت سے محفوظ رہیں۔جوائنٹ ایکسپیڈیشنری فورس جو 2012 میں قائم کی گئی تھی بحر اوقیانوس کے ارکان برطانیہ، ڈنمارک، ایسٹونیا، آئس لینڈ، لٹویا، لتھوانیا، ہالینڈ اور ناروے پر مشتمل ہے تاہم فن لینڈ اور سویڈن اس اتحاد کے رکن نہیں۔جیف اتحاد کے ممالک بحیرہ بالٹک میں برطانیہ کی قیادت میں اپنی فوجی مشقیں کر رہے ہیں تاکہ روس کی سرحد سے متصل اسٹریٹجک علاقے میں آزادی نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles