دنیا جلد حرکت میں نہ آئی تو یوکرین کی صورت حال ابتر ہو جائے گی : اسرائیل

تل ابیب،مارچ۔اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی قیادت نے جلد مداخلت نہ کی تو روس یوکرین تنازع مزید شدت اختیار کر جائے گا۔جمعرات کے روز بینیٹ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی جنگ سے متعلق زمینی حالات خراب ہیں … اگر عالمی قیادت اس پر فوری طور پر حرکت میں نہ آئی تو صورت حال ابتر ہو جائے گی۔بینیٹ کے مطابق یوکرین میں بھاری جانی نقصان ، شدید تباہی اور لاکھوں پناہ گزینوں کی بات ہو رہی ہے تاہم ابھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا ہے۔بینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی میدان میں مرکزی کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ روسی اور یوکرینی جانب کو میدان جنگ سے مذاکرات کی میز پر لائیں۔یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب یوکرین میں 24 فروری کو شروع ہونے والا روسی فوجی آپریشن بھرپور انداز سے جاری ہے۔ اس حوالے سے ماسکو اور مغربی ممالک کے بیچ تناؤ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

 

Related Articles