بپاشا نے کرن سنگھ سے شادی کے لیے والدین کو کیسے منایا تھا؟

ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ بپاشا باسو نے کرن سنگھ گروور سے اپنی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انھیں اپنے اس تعلق کے سلسلے میں اپنے والدین کو راضی کرنے کیلئے وضاحت دینی پڑی۔ ایک انٹرویو میں بپاشا نے ناکام شادیوں پر بھی اپنی آرا کا اظہار کیا اور کہا کہ اسکا یہ مطلب نہیں ہے کہ انسان نے غلطی کی تھی۔ یاد رہے کہ بپاشا سے کرن سنگھ گروور کی تیسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی پہلی شادی اداکارہ شردھا نگم اور دوسری شادی اداکارہ جینفر ونگٹ سے ہوئی تھی۔ کرن اور شردھا کی شادی دسمبر 2008 میں ہوئی تھی، لیکن صرف 10 ماہ بعد طلاق پر یہ شادی ختم ہوگئی۔ بعدازاں اپریل 2012 میں کرن نے جینفر ونگٹ سے شادی کی جو کہ 2014 میں ختم ہوگئی۔ دوسری جانب بپاشا کی اداکار دینو موریا کے ساتھ 1996 سے 2002 تک تعلقات رہے جس کے بعد وہ 2002 سے 2011 تک معروف بالی ووڈ ایکشن اداکار جان ابراہم کے قریب آئیں، جو بعدازاں دوری پر اختتام کو پہنچی۔میڈیا سے بات چیت میں بپاشا نے کہا کہ اس قسم کی ناکامیوں کو برا نہیں کہنا چاہیے، میں نے اپنے والدین کو بھی یہی بات سمجھائی کہ میں کسی معاہدے پر دستخط نہیں کررہی، یہ شادی ہے اور اس کو اسی طریقے سے لینا چاہیے۔ اگر تعلقات قائم نہ رہیں تو یہ بدقسمتی ہے لیکن بعد میں پتہ چلتا ہے کہ شاید یہ بہتر ہی ہوا۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ آپ کی زندگی میں جو کچھ ہوتا ہے اسکی کچھ وجہ ہوتی ہے اور یہ ہمیشہ سچ ثابت ہوا ہے۔

Related Articles