مرکزی حکومت تاریخ بدلنے کی کوشش کر رہی ہے: شیوسینا

ممبئی، جنوری ۔شیوسینا پارٹی کے ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت تاریخ کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ملاڈ میں حال ہی میں افتتاح کیے گئے اسپورٹس کمپلیکس کا نام ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے پر بی جے پی لیڈر پروین داریکر نے ایک بیان دیا تھا کہ 24 گھنٹے کے اندر نام کو تبدیل کیا جائے ورنہ بی جے پی ریاست بھر میں احتجاج شروع کرے گی۔ اس بیان پر مسٹر راوت نے کہا کہ مرکزی حکومت تاریخ بدلنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن مہاوکاس اگھاڑی ریاستی حکومت فیصلہ لینے کی اہل ہے۔مسٹر راوت نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ صرف انہیں ہی تاریخ کا علم ہے۔ سب نئی تاریخ لکھنے بیٹھے ہوئے ہیں ، یہ مورخ، تاریخ بدلنے آئے ہیں۔ ہم ٹیپو سلطان کے بارے میں جانتے ہیں، بی جے پی سے سیکھنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ مرکز میں تاریخ بدلتے رہے ہیں لیکن ایسا کرنے میں آپ کامیاب نہیں ہوں گے۔شیو سینا لیڈر نے کہا کہ صدر کووند کرناٹک گئے اور اسمبلی میں ٹیپو سلطان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تاریخی جنگجو،مجاہد آزادی تھے۔ تو کیا آپ صدر سے استعفیٰ بھی مانگیں گے؟ بی جے پی کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے۔ یہ صرف ایک ڈرامہ ہے۔اٹھارویں صدی کے میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کے نام پر ممبئی کے ملاڈ میں ایک اسپورٹس کمپلیکس کا نام رکھنے پر ایک بڑا تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ بی جے پی نے نام رکھنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران نے ہندوؤں کو ستایا ہے اس لیے اسپورٹس کمپلیکس پر ان کا نام ناقابل قبول ہے۔اسپورٹس کمپلیکس کے نام کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ پروجیکٹوں کے سرکاری ناموں کو حتمی شکل دینا بی ایم سی کے دائرہ کار میں آتا ہے اور میئر نے کہا ہے کہ اس پارک کے سرکاری نام کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔

Related Articles