امریکی سکّے پر پہلی مرتبہ ایک سیاہ فام خاتون کی تصویر
واشنگٹن،جنوری۔معروف مصنفہ، شاعرہ اور کارکن مایا اینجلو ایسی پہلی سیاہ فام خاتون ہیں جن کی امریکی سکّے کوارٹر (چوّنی) پر تصویر کندہ کی گئی ہے۔ حکام نے ایسے سکوں پر مزید اہم امریکی خواتین کی تصاویر شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکا میں کرنسی تیار کرنے والے ادارے نے اس نئے سکے کی تقسیم شروع کر دی ہے جس پر مایا اینجلو کی تصویر کندہ ہے۔ معروف شاعرہ اور انسانی حقوق کی کارکن مایا اینجلو امریکی کرنسی پر نمودار ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون ہیں۔امریکی وزارت خزانہ کی سربراہ جینٹ ایلین نے اس نئے سکے کے حوالے سے کہا، ”ہر بار ہم جب بھی اپنی کرنسی کو دوبارہ ڈیزائن کرتے ہیں، تو ہمارے پاس اپنے ملک کے بارے میں ایسا کچھ نیا کہنے کا موقع ہوتا ہے کہ ہم کس طرح کی اقدار رکھتے ہیں اور بطور معاشرہ ہماری ترقی کا سفر کیسا رہا ہے۔”کوارٹر سکے پر مایا اینجلو کی جو تصویر ہے اس میں انہیں اپنے دونوں بازوؤں کو پھیلائے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ان کی تصویر کے پیچھے ایک پرندہ محو پرواز ہے اور چڑھتے ہوئے سورج کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ سب ان کی شاعری سے متاثرہ تصاویر ہیں۔
مزید خواتین امریکی سکوں پر ظاہر ہوں گی
امریکی تاریخ کی ممتاز خواتین کو یاد کرنے اور انہیں سراہنے کے مقصد سے ان کی تصویر والے سکے جاری کرنے کا ایک پروگرام ترتیب دیا گیا ہے اور مایا اینجلو کی تصویر والا سکہ اسی سلسلے کا حصہ ہے۔ جینٹ ایلن کا کہنا ہے، ”مجھے بہت فخر ہے کہ یہ سکے کار ہائے نمایاں انجام دینے والی امریکا کی چند قابل ذکر خواتین، بشمول مایا اینجلو، کے تعاون کا جشن منانے کے لیے ہیں۔”امریکی ٹکسال کو سکے جاری کرنے کی ہدایت کرنے کے لیے قانون متعارف کروانے والی سینیٹر کیتھرین کورٹیز مستو نے کہا کہ مایا اینجلو ایک متاثر کن شخصیت تھیں جس کی وجہ سے ان کا انتخاب کیا گیا۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا، ”یہ سکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ امریکیوں کی نسلیں مایا اینجلو کی کتابوں اور ان کی شاعری کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گی، جو سیاہ فام خواتین کے زندہ تجربات سے متعلق ہیں۔”امریکی ٹیکسال ملک کی ایسی نمایاں خواتین اور ان کی کامیابیوں کے اعزاز میں آئندہ چار برسوں میں 20 کوارٹر سکے جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ان سکوں پر نظر آنے والی دیگر خواتین میں سے سیلی رائیڈ کا نام بھی شامل ہے جو خلا میں سفر کرنے والی پہلی امریکی خاتون ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد شعبے سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز خواتین کے نام اس میں شامل ہیں۔
مایا اینجلو کا انتخاب کیوں ہوا؟مایا اینجلو کی معروف خودنوشت ”آئی نو وائی دی کیجڈ برڈ سنگس” (مجھے پتہ ہے کہ قفس میں پرندہ نغمہ سرا کیوں ہے) سن 1969 میں آئی اور اس کی اشاعت کے ساتھ ہی وہ کافی مقبول ہوئی۔ اس کتاب میں انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتیوں اور نسلی امتیاز کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔مایا اینجلو نے اپنے دور کے معروف انسانی حقوق کے کارکن مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور میلکم ایکس کے ساتھ بھی کافی کام کیا۔ اینجلو نے بل کلنٹن کے پہلی صدارتی افتتاحی تقریب کے وقت اپنی نظم پڑھی تھی۔ پھر سن 2010 میں صدر براک اوباما نے انہیں صدارتی تمغہ برائے آزادی سے بھی نوازا تھا۔ سن 2014 میں 86 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوا۔