رنویر سنگھ کی 83 کی باکس آفس پر مایوس کن پرفارمنس

ممبئی،دسمبر۔بھارتی اداکار رنویر سنگھ کی بلاک بسٹر فلم 83 کی کمائی نے تجزیہ نگاروں کو مایوس کردیا ہے۔تین دن قبل سنیما کی زینت بننے والی اسپورٹس ڈراما فلم 83 سے متعلق کہا جارہا تھا کہ یہ فلم رواں ہفتے بہت کمائی کرنے والی ہے، تاہم تجزیہ نگار ترن آدرش نے اس حوالے سے کچھ اور ہی بتایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر فلم کے ابتدائی تین دنوں کی کمائی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم نے اب تک صرف 47 کروڑ کا ہی بزنس کیا ہے۔ترن کا کہنا تھا کہ امید ظاہر کی جارہی تھی کہ کرسمس کے روز اور پھر اگلے دن اتوار کو فلم نے بڑا بزنس کرنا ہے، تاہم معاملات اس کے بر عکس رہے۔ انہوں نے تحریر کیا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے روز 12 کروڑ 64 لاکھ سے زائد کمائے، کرسمس کے دن پر اس نے کچھ بہتری دکھائی اور 16 کروڑ 95 لاکھ کمائے تاہم اتوار کے روز اس میں زیادہ اضافہ نہیں ہوسکا اور کمائی صرف 17 کروڑ 41 لاکھ رہی یوں تین دن کا مجموعہ 47 کروڑ بنتا ہے۔تجزیہ نگار نے کہا کہ فلم 83 کا مقابلہ اس وقت اسپائیڈر مین: نو وے ہوم اور پشپا سے ہے، جبکہ 31 دسمبر کو جرسی اور 7 جنوری کو آر آر آر کی ریلیز کے بعد 83 کے پاس اپنا اسکور بڑھانے کے لیے تھوڑا ہی وقت ہے۔

Related Articles