ملک دشمن قوتیں پنجاب کا امن خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں: چنی

چنڈی گڑھ، دسمبر۔ پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت چنی نے لدھیانہ کورٹ کمپلیکس میں آج سہ پہر ہوئے بم دھماکے کے واقعہ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتیں پنجاب کے امن اور فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہیں لیکن یہ طاقتیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مسٹرچنی نے لدھیانہ روانہ ہونے سے قبل یہاں کہا کہ جیسے جیسے اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں، ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہو رہا ہے۔ یہ قوتیں جان لیں کہ ایسی حرکتیں کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ پنجاب میں عظیم قربانیوں کے بعد امن اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا ہے۔ دہشت گردی نے پنجاب کو برسوں تک ترقی کی دوڑ میں پیچھے دھکیل دیا۔ سب کو متحد ہو کر ایسی گھناؤنی حرکتوں کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔ لدھیانہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے دو لوگوں کی موت پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی اور پنجاب پولیس سے کہا کہ وہ معاملے کی تہہ تک جائے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔اکالی دل کے سربراہ سکھبیر بادل نے دھماکے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال انتہائی بد تر ہوگئی ہے۔ آئے روز نئے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ چنی حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے پاس چند مہینوں سے صرف ایک ہی کام ہے کہ بکرم مجیٹھیا یا بادل خاندان کو کیسے نقصان پہنچایا جائے۔ حکومت نے پولیس کو ہمارے پیچھے لگا دیا ہے۔ حکومت کی توجہ عوام کے تحفظ پر ہوتی تو ایسے واقعات رونما نہ ہوتے۔خیال رہے کہ لدھیانہ کورٹ کمپلیکس میں بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

Related Articles