مہاتما گاندھی بین الاقوامی ہندی یونیورسٹی کے داخلہ نوٹی فیکشن سے اردو کا نام غائب

اردو کے ساتھ امتیاز ختم ہونے کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

نئی دہلی /وردھا، اردو کے ساتھ امتیاز ختم ہونے کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔بہار میں گزشتہ مئی میں ایک سرکلر کے ذریعہ اردو کو لازمی کے بجائے اختیار مضمون قرار دے دیا گیا ہے اور اب اس سلسلے میں مہاراشٹر کے واردھا کی مہاتما گاندھی بین الاقوامی ہندی یونیورسٹی کانام جڑ گیا ہے جہاں اس سال کے داخلہ نوٹیفیکشن میں اردو کورس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
داخلہ نوٹی فیکشن کے مطابق ہندی سمیت تمام زبانوں کو جگہ دی گئی ہے لیکن اردو کو غائب کردیا گیاہے۔ اس وقت اردو میں چھ طلبہ ہیں جب کہ سرٹی فیکٹ کورس میں کوئی نہیں ہے۔ سرٹی فیکٹ کورس میں چار طلبہ نے داخلہ لیا تھا لیکن چھ کی شرط کی وجہ سے کورس شروع نہیں کیاگیا حالانکہ دو مزید طالب علم آگئے تھے لیکن وقت ختم ہونے کی بات کہہ کر داخلہ نہیں لیا گیا اور اس طرح سرٹی فیکٹ کورس میں داخلہ نہیں ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق کم تعداد میں داخلہ صرف اردو میں ہی نہیں ہے بلکہ ہندی کے علاوہ ساری زبانوں کا یہی حال ہے۔ بیشتر کورسوں میں تین، چار، پانچ، یا چھ طلبہ ہی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ سارے کورس کا نام ایڈمیشن نوٹی فیکشن میں ہے اور سارے شعبے چل رہے ہیں لیکن اردو کا نام غائب ہے۔ اسی طرح سرٹی فیکٹ کورس میں چائنیز، جاپنیز، اسپائنش،فرینچ، مراٹھی اور سنسکرت کا نام ہے لیکن یہاں بھی اردو کا نام غائب ہے۔
واضح رہے کہ مہاتما گاندھی بین الاقوامیہندی یونیورسٹی وردھا مہاراشٹر کا 2020-21 داخلہ نوٹیفکیشن ہے، اس میں اردو کو نظر انداز کردیا گیا ہے جبکہ یہاں پر 2016 سے شعبہ اردو قائم ہے اور باقاعدہ طور پر ایم اے اردو اور سرٹیفکیٹ کورس کرائے جاتے رہے ہیں لیکن امسال یونیورسٹی نے اردو میں داخلہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ چاہتی ہے کہ اس سال شعبہ اردو کو شعبہ ہندی میں مدغم کردیا جائے اور جب یہ طلبہ اگلے سال کورس سے فارغ ہوجائیں گے تو شعبہ ختم کردیا جائے گا کیوں کہ اس سال جب داخلہ نہیں ہوگا تو اگلے سال شعبہ خود بخود ختم ہوجائے گا۔
دہلی میں اردو سے محبت کرنے والوں نے تمام محبان اردو سے اپیل ہے کہ وہ اس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور شعبہ اردوکے اردو ایم اے اور سرٹی فیکٹ کورس کو بند ہونے سے بچالیں۔ساتھ ہی زیادہ سے زیادہ طلبہ جہاں جہاں بھی اردو کے کورس ہیں وہاں داخلہ لیں۔کیوں کہ اس طرح کی تلواریں دیگر یونیورسٹیوں کے شعبہ اردو پر لٹک رہی ہیں۔

Related Articles