نہیں چاہتا تھا سلمان خان انتم میں اداکاری کریں، ایوش شرما

ممبئی،نومبر۔فلم انتم سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے ایوش شرما نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ اس فلم میں سلمان خان اداکاری کریں۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران ایوش شرما کا کہنا تھا کہ یہ فلم بنانے کے آغاز میں وہ اس بات سے ہی پریشان تھے کہ سلمان خان اس فلم کا حصہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کی وجہ سے یہ تاثر آنے کا خدشہ تھا کہ سلمان خان اس فلم کے ذریعے میرا کیریئر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ایوش نے کہا کہ مجھے ڈر تھا کہ سلمان خان کی وجہ سے کہیں فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کی بحث نہ شروع ہوجائے۔ایوش نے کہا کہ ابتدا میں میں سلمان خان کے اس فلم میں شامل ہونے کے خلاف تھا، میں نہیں چاہتا تھا کہ وہ یہ فلم کریں اور میں نے انہیں ایسا کہا بھی تھا۔انہوں نے بتایا کہ وہ سلمان خان کو فلم نہ کروانے کے لیے دیگر گھر والوں کے پاس بھی گئے تاکہ وہ انہیں مناسکیں۔انہوں نے کہا کہ میں چونکہ فلم لو یاتری سے مختلف فلم کر رہا تھا اور دوسری چیز یہ تھی کہ اس فلم میں سلمان خان بھی شامل تھے، تو میں سوچ رہا تھا کہ کیا میں اس فلم کے ساتھ انصاف کرپاؤں گا اور سلمان کے جذبات تک پہنچ پاؤں گا؟انہوں نے کہا کہ سلمان خان پرامید تھے کہ وہ اس فلم کا حصہ بننا چاہتے ہیں، انہوں نے مجھ سے کہا کہ ایوش تمھیں صرف یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ تم فلم میں اپنے کردار کے ساتھ کس طرح انصاف کرو گے اور یہ سب سے اہم ہے اور تمہیں لوگوں کو مطمئن کرنا ہے کہ آخر تم نے کیوں مجھ پر ہاتھ اٹھایا۔واضح رہے کہ فلم ’انتم : آخری سچائی‘ کی ہدایتکاری مہیش منجریکر نے دی ہے جبکہ اس میں ایوش شرما کے ساتھ سلمان خان نے مرکزی کردار نبھایا۔ خیال رہے کہ ایوش شرما سلمان خان کے بہنوئی بھی ہیں۔

Related Articles