وسیم اکرم کا سابق بھارتی کوچ روی شاستری کیلئے پیغام
کراچی،نومبر۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری کی مدت ختم ہونے پر انہیں خصوصی پیغام دیا۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وسیم اکرم نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے والے ویرات کوہلی کے لیے بھی پیغام جاری کیا۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک شاندار لیڈر ہیں، بھارت کے ٹی ٹوئنٹی کپتان نے چیمپئن کی طرح پرفیکٹ اختتام کیا، آخری دن بھی ہم نے ان کی لیڈرشپ کو دیکھا۔پاکستان کے سابق کپتان نے روی شاستری کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرا دل اپنے پرانے دوست روی شاستری سے ملتا ہے، آپ کمنٹری باکس میں واپس آجائیں۔وسیم اکرم نے بھارتی ٹیم کے لیے روی شاستری کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے اچھے دوست شیزی، یہ آپ کا بطور کوچ آخری ٹورنامنٹ تھا، میرے خیال سے آپ نے گزشتہ تین سال میں زبردست کارکردگی دکھائی ہے۔سابق کپتان نے روی شاستری کی کمنٹری میں واپسی کی امید ظاہر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔واضح رہیکہ بھارتی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے واپسی ہوچکی ہے جس کے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری اور کپتان ویرات کوہلی بھی اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں، کوہلی کی جگہ روہت شرما کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ راہول ڈریوڈ نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔