معروف برازیلی گلوکارہ مریلیا مینڈونسا طیارہ حادثے میں ہلاک
براسیلیا،نومبر۔ برازیل کی معروف گلوکارہ مریلیا مینڈونسا اپنے دوست اور پروڈیوسرکے ہمراہ طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے شہر گویانیا سے جمعے کے روز چھوٹے طیارے نے کارٹنگا کے لیے اْڑان بھری، طیارہ کچھ ہی بلندی پر پہنچنے کے بعد کسی چیز سے ٹکرایا اور گر کر تباہ ہوگیا جس میں مریلیا مینڈونسا، ان کے پروڈیوسر اور دوست سمیت دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔مریلیا مینڈونسا کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ گلوکارہ کارٹنگا میں طے شدہ کانسرٹ میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں جہاں سینکڑوں مداح ان کا انتظار کر رہے تھے۔اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی موت کی خبر سن کر مداحوں کو شدید صدمہ پہنچا۔ مریلیا نے طیارے میں سوار ہونے سے قبل ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کی مگر یہ کسے معلوم تھا کہ مریلیا مینڈونسا چند لمحوں بعد اس دنیا سے رخصت ہو جائیں گی۔رپورٹس کے مطابق حادثے کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی، پولیس نے تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیے ہیں۔ گلوکارہ کی ہلاکت پر برازیل کے صدر جائیر بولسونارو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پورا ملک صدمے میں ہے۔