سیرالیون : ایندھن کے ٹرک میں دھماکے سے 94 افراد کی ہلاکت کی تصدیق، 92 زخمی
فری ٹاؤن،نومبر ۔ مغربی افریقی ملک سیرا لیون کے دارالحکومت فری ٹاؤن میں ایندھن کے ٹینکر اورایک ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں 94 افراد کی موت اور 92 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔فری ٹاؤن کی میئر یوون اکی سائر نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا: ویلنگٹن میں بائی بیورے روڈ پر دھماکہ۔ کناٹ مردہ خانے میں 94 افراد کی ہلاکت اور 92 زخمی۔ دھماکے کی جگہ پر اب بھی چار لاشوں کا خدشہ ہے‘‘۔اس سے قبل میئر نے دھماکے میں 100 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔حادثہ جمعہ کی رات شہر کے مشرقی حصے میں آئل ٹینکر اور ٹرک کے تصادم کے باعث پیش آیا۔ آئل ٹینکر اور ٹرک میں تصادم کے بعد آئل ٹینکر پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت مقامی لوگ لیک ہونے والا ایندھن اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔