دہلی کو لٹکتے ننگے بجلی کے تاروں سے نجات ملے گی
نئی دہلی نومبر۔ دہلی حکومت نے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر 11 کلو واٹ کے لٹکتے ننگے بجلی کے تاروں کو کیبل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ نے "11کے وی کے بیئرکنڈکٹر کو انسولیٹڈ کنڈکٹر میں تبدیل کرنے کی پالیسی” کو منظوری دے دی۔ دہلی کے کئی علاقوں میں 11 کلو واٹ کے لٹکتے بجلی کے تاروں سے ہمیشہ جان ومال کے نقصان کا خدشہ رہتا ہے۔ انہیں انسولیٹڈ کنڈکٹر میں تبدیل کرنے کے بعد خطرے کا امکان ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ دہلی میں پھیلے 2264 کلومیٹربیئر کنڈکٹر نیٹ ورک کو انسولیٹڈ کنڈکٹر نیٹ ورک میں تبدیل کیا جائے گا۔ جس میں ڈسکام کمپنی ٹی پی ڈی ڈی ایل 1270 کلومیٹر، بی وائی پی ایل 29 کلومیٹراوربی آرپی ایل کمپنی 965 کلومیٹر کے بیئرکنڈکٹر نیٹ ورک کو انسولیٹڈ کنڈکٹر نیٹ ورک میں تبدیل کرے گی۔ اس کام کے لیے محکمہ خزانہ نے جگمگاتی دہلی پروگرام کے تحت پہلے ہی محکمہ بجلی کو 25 کروڑ روپے جاری کرچکا ہے۔کیجریوال نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور حساس حکومت کے طور پر دہلی کے لوگوں کو ہر سطح پر سیکورٹی اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پالیسی لائی گئی ہے تاکہ بیئرکنڈکٹر کوانسولیٹڈ کنڈکٹر میں تبدیل کرکے دہلی کے لوگوں کو جان و مال کے ممکنہ خطرے سے ہمیشہ کے لیے بچایا جاسکے۔ دہلی حکومت دہلی کی گلیوں میں لٹکتے بجلی کے تاروں کو زیر زمین کرنے کا کام بھی کر رہی ہے، تاکہ دہلی کے لوگ بجلی کے خطرے سے پوری طرح محفوظ رہ سکیں۔ اس کے ساتھ دہلی کی خوبصورتی کو بھی چار چاند لگ سکے۔بجلی کے وزیر ستیندر جین نے کہا کہ دہلی کے اندر سے گزرتے 11 کلو واٹ برقی تار دہلی کے لوگوں کی جان و مال کے لیے خطرہ ہیں۔ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچنے کے پیش نظر دہلی حکومت نے 11 کے وی بیئر کنڈکٹر کو انسولیٹڈ کنڈکٹر میں تبدیل کرنے کے لیے یہ پالیسی لائی ہے۔