قانون حق معلومات۔تلنگانہ کے چیف سکریٹری کے سرکلر پر ہائی کورٹ نے روک لگادی

حیدرآباد۔ نومبر۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے قانون حق معلومات کے سلسلہ میں ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمار کی جانب سے جاری کردہ سرکلر پر عمل پر روک لگادی ہے۔چیف جسٹس سی ایس شرما کی زیرقیادت ہائی کورٹ کی بنچ نے اس سرکلر پر عمل نہ کرنے کی حکومت کو ہدایت دی ہے۔چیف سکریٹری کے اس سرکلر پر سوال اٹھاتے ہوئے آرٹی آئی جہدکار جی سرینواس راو نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی ایک عرضی داخل کی تھی۔اس عرضی کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس کی زیرقیادت بنچ نے تاحکم ثانی اس پر عمل پر روک لگانے کے احکام جاری کئے۔ساتھ ہی حکومت کو ہدایت دی کہ اس معاملہ پر تفصیلی حلف نامہ داخل کیاجائے۔واضح رہے کہ چیف سکریٹری نے یہ سرکلر جاری کرتے ہوئے پبلک انفارمیشن آفیسرس کو ہدایت دی تھی کہ آرٹی آئی کے تحت وصول ہونے والی عرضیوں کے جواب سے پہلے اعلی عہدیداروں سے اجازت حاصل کی جائے۔13اکتوبر کو انہوں نے یہ سرکلر جاری کیاتھا۔عرضی گذار نے اپنی عرضی میں نشاندہی کی تھی کہ یہ سرکلر، قانون حق معلومات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور یہ سرکلر، اس قانون کے جذبہ کے مغائرہے۔

Related Articles