گاندھیائی مفکر ڈاکٹر ایس این سُبّاراؤ وفات پا گئے
جے پور، اکتوبر ۔ ممتاز گاندھیائی مفکر ڈاکٹر ایس این سُبّاراؤ کا آج صبح یہاں انتقال ہوگیا۔ڈاکٹر سُبّاراؤ نے صبح تقریباً 7.45 بجے جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ تقریباً 93 برس کے تھے۔ انھیں گذشتہ ہفتے ہی ایس ایم ایس میں داخل کیا گیا تھا۔ مسٹرسُبّاراؤ کے جسد خاکی کو ونوبا گیان مندر میں آخری دیدار کے لیے رکھا گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات جے پور میں ادا کی جائیں گی۔پدم شری سے نوازے گئے ڈاکٹر سُبّاراؤ کو 1995 میں نیشنل یوتھ پروجیکٹ کونیشنل یوتھ ایوارڈ، 2003 میں راجیو گاندھی نیشنل سدبھاونا ایوارڈ، 2006 میں 03 جمنالال بجاج ایوارڈ، 2014 میں کرناٹک حکومت کی طرف سے ’مہاتما گاندھی پریرنا سیوا ایوارڈ‘ اور ناگپور میں ہی راشٹریہ سدبھاونا ایکتا ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ان کے انتقال پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بزرگ گاندھیائی، پدم شری، بھائی جی ڈاکٹر ایس این سُبّاراؤ کے انتقال پر ذاتی طور پر رنجیدہ ہوں، وہ گذشتہ 70 برسوں سے ملک کے نوجوانوں کے ساتھ جڑے ہوئے تھے اور اپنے کیمپوں کے ذریعے انھیں مسلسل متاثر کرتے رہے۔ ایک گاندھیائی مفکر اور متاثر کن، وہ قوم کے لیے وہ ایک اثاثہ تھے۔ ان کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھائی جی نے عمر بھر نوجوانوں کے لیے آگاہی مہم جاری رکھی۔انہوں نے بیرون ملک جا کر نوجوان نسل کو ہمارے ملک، ہماری ثقافت سے روشناس کرایا۔ انہوں نے انھیں کثرت میں وحدت پیغام دیا۔ میں نے ہمیشہ ان کے کیمپوں میں جا کر سکون محسوس کیا۔مسٹر گہلوت نے کہا کہ ان کی نظمیں اور افکار ہمیں متاثر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مالک سے دعا کی کہ وہ ان کے ساتھیوں اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت بخشے اور ان کی روح کو سکون دے۔ مسٹر گہلوت منگل کی شام اسپتال گئے اور ڈاکٹر سُبّاراؤ کی عایدت کی تھی۔