سعودی عرب میں آرامکو اور ٹوٹل انرجیز کے پٹرول پمپ کھل گئے
ریاض،اکتوبر۔سعودی پیڑوکیمکل کمپنی آرامکو اور فرانس کی کثیر ملکی پیٹرولیم کمپنی ٹوٹل انرجیز نے مملکت میں مشترکہ پروجیکٹ کے تحت ریاض اور سیھات میں پہلے دو پٹرول سٹیشنوں کا افتتاح کیا ہے۔ آرامکو اور ٹوٹل مملکت میں پٹرول سٹیشنوں کی بڑی چین قائم کرنے جارہی ہیں۔آرامکو نے بیان میں کہا کہ اس نے ٹوٹل انرجیز کے ساتھ 2019 میں ایک مشترکہ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت مملکت بھر میں 270 پٹرول سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ مختلف نوعیت کے ہوں گے اور عالمی معیار کے حامل ہوں گے- دونوں کمپنیاں برابر کی حصہ دار ہوں گی۔آرامکو کا کہنا ہے کہ پٹرول سٹیشن سعودی آرامکو اور ٹوٹل انرجیز کے کمرشل مارکوں کے ساتھ کام کریں گے۔ دونوں کمپنیاں آئل ٹینکرز کو فیول فراہم کریں گی اور اعلی معیار کے مطابق منفرد سہولیات مہیا کریں گی۔سعودی آرامکو کے چیئرمین انجینیئر امین الناصر نے اس موقع پر کہا کہ سعودی آرامکو مشرقی ایشیا اور شمالی امریکہ میں ہزاروں پٹرول سٹیشن قائم کیے ہوئے ہے۔ مملکت میں کمرشل مارکے کے ساتھ پہلی بار پٹرول سٹیشن قائم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھٹے عشرے میں آرامکو سعودی عرب میں پٹرول سٹیشن کھولے ہوئے تھی اس کے بعد کاروبار بند کردیا تھا۔سعودی آرامکو اور ٹوٹل انرجیز مشترکہ پروجیکٹ کے تحت سعودی شہریوں کو اچھی تنخواہ پر روزگار فراہم کریں گی۔دونوں کمپنیاں صارفین کو پٹرول سٹیشنوں کے تحت آنے والی تمام سہولتیں فراہم کریں گی۔ ٹوٹل انرجیز سٹیشنوں پر ’بونجور‘ کافی شاپ کھلیں گی جبکہ سعودی آرامکو اپنے ہر پٹرول سٹیشنپر ’فی کافی’ قہوہ خانہ کھولے گی۔ پٹرول سٹیشنوں کو شمسی توانائی سے چلایا جائے گا۔