یواے ای:کووِڈ-19کےقواعد میں نرمی

شادی،تعزیتی اجتماعات میں شرکاء بڑھانے کی اجازت

دبئی،اکتوبر۔متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل قواعدوضوابط میں مزید نرمی کردی ہے اور اب گھروں میں منعقد ہونے والی سماجی تقریبات اور اجتماعات کی گنجائش 80 فی صد کردی ہے بشرطیکہ شرکاء کی مجموعی تعداد 60 سے زیادہ نہ ہو۔ان کے علاوہ زیادہ سے زیادہ دس افراد مہمان نوازی کی خدمات انجام دے سکیں گے۔متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے آیندہ جمعہ سے گھروں میں شادی کی تقریبات اور تعزیتی اجتماعات کے انعقاد کے لیے کروناوائرس کے نظرثانی شدہ پروٹوکول جاری کیے ہیں۔این سیما نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چودہ دن کے وقفے سے منظورشدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے ،پروٹوکول کے مطابق سبز راہ (گرین پیسج) کی شرائط کو پورا کرنے اور یو اے ای کی وزات صحت کی الحوسن ایپلی کیشن میں اپنی مکمل ویکسی نیشن اور تیسری خوراک کی ضرورت کا اندراج کرنے والوں کو تقریب میں شرکت کی اجازت ہے۔این سیما نے مزید وضاحت کی ہے کہ کسی بھی تقریب میں شرکت کے خواہاں افرادکو اس کی مقررہ تاریخ سے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ پیش کرنا ہوگا۔نئے پروٹوکول میں تمام حاضرین کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات بھی شامل ہیں۔اس میں تقریب میں داخل ہونے سے پہلے درجہ حرارت کی پیمائش، ہروقت ماسک پہننے کی لازمی پابندی اورتقریب گاہ میں جراثیم کش اسپرے شامل ہے۔تقریب میں شریک ہونے والے افراد کی جراثیمی تطہیر کے لیے آلات دستیاب ہونے چاہییں۔این سیما کا کہنا ہے کہ کسی گھریا پنڈال میں داخلے کا عمل منظم ہونا چاہیے اوروہاں کوئی ازدحام یا ہجوم نہیں لگنا چاہیے۔ہم داخلے اور خروج کے عمل کو منظم کرنے میں رکاوٹوں کے استعمال کی سفارش کرتے ہیں۔ہم مصافحہ یا گلے ملے بغیرسلام کرنے اورہروقت ڈیڑھ میٹر کے جسمانی فاصلے کے اصول پرعمل کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ دس افراد کو ایک میز پر بیٹھنے کی اجازت دینے پر زور دیتے ہیں۔‘‘اتھارٹی نے ’’معززعوام پر زوردیا ہے کہ وہ مدعو افراد کو خبردارکریں،اگرانھیں نظام تنفس کی کوئی علامات ظاہر ہورہی ہیں یا بخار محسوس ہوتا ہے تو وہ تقریب میں شرکت نہ کریں۔‘‘

 

Related Articles