شدید بارش سے اب تک 46 افراد ہلاک، 11 لاپتہ

دہرادون اکتوبر۔ اتراکھنڈ میں تقریبا 48 گھنٹےہوئی موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی زدمیں آنے سے اب تک کل 46 افراد ہلاک اور 11 دیگر لاپتہ ہیں۔اس تباہی میں کل 12 افراد زخمی حالت میں اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ تباہی میں کل نو عمارتوں کو جزوی یا مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔ایک سرکاری ترجمان نے بدھ کی صبح یو این آئی کو بتایا کہ منگل کو شدید بارش کے سبب ضلع نینی تال میں 28، الموڑہ ضلع میں چھ، چمپاوت اور رودر پور میں دو- دو اور باگیشور میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ، کل 10 افراد زخمی ہوئے اور 11 ابھی تک لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں شدید بارش اور تودہ گرنے سے نو عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل پیر کو ضلع پَوڑی میں تین، چمپاوت میں دو اور پتھورا گڑھ میں ایک شخص کی موت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی دو افراد زخمی ہوئے اور ایک گھر کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو شدید بارش کے باعث ضلع چمپاوت میں ایک شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق اب تک گزشتہ 48 گھنٹے میں ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے تودے گرنے سے کل 46 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، 11 دیگر ابھی بھی لاپتہ ہیں اور 12 افراد زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔ اس دوران کل نو عمارتوں کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

Related Articles