تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ستیش چندراشرما پیر کو حلف لیں گے

حیدرآباد۔اکتوبر۔تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طورپر جسٹس ستیش چندراشرما پیر کو حلف لیں گے۔کل 11بجے دن گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن،راج بھون کے سبزہ زار پر منعقد ہونے والی ایک سادہ لیکن پُراثر تقریب میں ان کو حلف دلائیں گی۔قبل ازیں سپریم کورٹ کے کالیجیم کی سفارش پر صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے جسٹس شرما کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کے احکام جاری کئے تھے۔جسٹس شرما کرناٹک ہائی کورٹ کے کارگذارچیف جسٹس کے طورپر خدمات انجام دے رہے تھے۔ان کی پیدائش 1961میں بھوپال میں ہوئی تھی۔متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دیئے جانے کے بعد دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مشترکہ حیدرآباد ہائی کورٹ کی بھی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی۔یکم جنوری 2019کو تلنگانہ کے ہائی کورٹ کے کارکرد ہونے کے بعد جسٹس شرما اس کے چوتھے چیف جسٹس بنائے گئے ہیں۔سب سے پہلے چیف جسٹس ٹی بی رادھاکرشنا بنائے گئے تھے جن کے بعد جسٹس آرایس چوہان کو یہ ذمہ داری دی گئی تھی۔بعد ازاں جسٹس ہیماکوہلی تلنگانہ ہائی کورٹ کی تیسری چیف جسٹس بنائی گئی تھیں۔ان کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کا بھی اعزازحاصل تھا تاہم ان کو سپریم کورٹ کا جج بنایاگیا جس کے بعد اب جسٹس شرما کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔

Related Articles