ریتھک روشن کا آریان خان کو ڈٹے رہنے کا مشورہ

ممبئی،اکتوبر۔بھارتی اداکار ریتھک روشن نے بالی ووڈ کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو اس کڑے وقت میں ڈٹے رہنے اور حوصلہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ریتھک روشن نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر آریان خان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک طویل کیپشن میں اْنہیں ڈٹے رہنے اور مشکل وقت کا سامنا کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ریتھک روشن نے آریان خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے ’زندگی بالکل غیر یقینی ہے مگر خدا بہت رحیم ہے، وہ مضبوط افراد کو ہی مشکلات سے دو چار کرتا ہے کیوں کہ مضبوط لوگ ہی مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں، اسی لیے آپ کو مشکل وقت دکھایا جا رہا ہے۔‘ریتھک روشن نے لکھا کہ ’اْنہیں آریان خان پر یقین ہے کہ وہ اِن مشکلات کو اچھے طریقے سے حل کر لیں گے۔‘اْن کا آریان خان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اْنہیں معلوم ہے اس وقت آریان کنفیوز، غصے اور بے یارو مددگار ہوں گے، یہ سب مشکلات آپ کے اندر کے ہیرو کو مسخ کرنے کے لیے آئی ہیں مگر آپ خود کو کمزور نہ محسوس کرنا اور نہ ہی خود کو کمزور پڑنے دینا، ڈٹ کر ان مشکلات کا سامنا کرنا اور ہر اْس چیز کو کھلے دل سے قبول کرنا جو آپ نے تجربات کر رکھے ہیں۔‘ریتھک روشن کا اپنی پوسٹ میں مزید لکھنا تھا کہ ’آریان خان اِن مشکلات کے دنوں کو یاد رکھیں اور خوش دلی سے اِنہیں قبول کریں، اپنے اندر کے تذبذب کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیں، یقیناً سیاہ دن کے بعد روشن دن آئیں گے، وہ ہمیشہ آریان خان کے ساتھ ہیں اور اْن سے محبت کرتے ہیں۔‘واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپہ مارا تھا جہاں پارٹی چل رہی تھی، اس پارٹی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے مارے گئے چھاپے میں غیر قانونی منشیات برآمد ہوئی تھی اور اْسی وقت آریان خان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

 

Related Articles