کرسمس کے موقع پر گوداموں کے ملازمین کی کمی کا اندیشہ
لندن،اکتوبر۔ برطانیہ کے ریٹیلر Next نے کرسمس کے موقع پر گوداموں کے عملے کی کمی کے اندیشے کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہرکیاہے ،اور کہا ہے کہ اگر ورکرز کیلئے امیگریشن کے قوانین میں نرمی نہ کی گئی تو اس کی کارکردگی پہلے جیسی اچھی نہیں رہے گی۔ادارے کاکہناہے کہ اس کے کاروبار کے بعض شعبوں پر دبائو بڑھنا شروع ہوگیاہے جن میں گوداموں اور لاجسٹک عملہ شامل ہے ،ادارے کاکہناہے کہ ٹرک ڈرائیوروںکابحران سب کو نظر آرہاتھا اور بڑے پیمانے پر اس سلسلے میں انتباہات دئے گئے تھے۔کمپنی نے حکومت سے ماہر ورکرز کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کیلئے زیادہ فیصلہ کن طریقہ کار اختیار کرنے کامطالبہ کیا۔ Next نے عملے کی متوقع کمی کیبارے میں وارننگ اپنی ششماہی رپورٹ کی اشاعت کے موقع پر دی گئی ہے ،رپورٹ کے مطابق ادارے کو گزشتہ ششماہی کے دوران 2019 کے مقابلے میں5.9 فیصد زیادہ منافع ہوا،اس کی کارکردگی کا زیادہ تر انحصار آن لائن سے ہونے والی آمدنی پر رہا جبکہ ادارے کی فروخت میں کورونا سے پہلے کی نسبت 52فیصد اضافہ ہوا۔ادارے کے چیف ایگزیکٹو لارڈ وولف سن کاکہناہے کہ ریٹیل بزنس کورونا وائرس سے پہلے کی سطح پر آگئی ہے اور ہماری توقع سے زیادہ اچھی ہے جبکہ آن لائن فروخت میں ہماری توقع سے کم کمی آئی ہے ،اس سے ظاہرہوتاہے کہ کورونا سے معیشت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا اور روزگار کے مواقع اپنی جگہ برقرار رہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ادارے کو عملہ کی بھرتی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔انھوں نیکہا کہ اگرچہ فی الوقت اسٹورز کیلئے عملہ کیبھرتی میں دشواری نہیں ہے لیکن گودام اور لاجسٹکس کیلئے عملے کی کمی ہے۔انھوں نے کہا کہ شپنگ کے اخراجات کی وجہ سے اشیا کی قیمتوں میں 2 فیصد تک اضافہ ہواہے۔انھوں نے کہا کہ اگلے سال کی پہلی ششماہی کے دوران قیمتوں میں اوسطاً 2.5فیصد جبکہ گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں 6 فیصد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔